کان کنی کے روایتی طریقے کو ختم کرکے جدید میکینکل مائننگ متعارف کروانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ

اتوار 12 مئی 2024 11:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مئی2024ء) خیبرپختونخوا حکومت نے کان کنی کے روایتی طریقے کو ختم کرکے جدید میکینکل مائننگ متعارف کروانے کے لئے اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا حکام کے مطابق صوے کے اعلی سرکاری حکام نے جدید طرز پر کان کنی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ کان کنی کے روایتی طریقے سے قیمتی معدنی وسائل کا ضیاع ہورہا ہے ایسے طریقے کو مکمل طور پر ختم کرنے اور اس کی جگہ مکینیکل مائننگ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا حکام کے مطابق صوبائی اعلی سرکاری حکام نے غیر قانونی مائننگ کو روکنے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا اور متعلقہ حکام کو اس مقصد کے لئے مائننگ پولیس کے قیام پر بلاتاخیر کام شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی اعلی سرکاری حکام نے دریاوں کے کناروں پر غیر قانونی معدنی سرگرمیوں کی روک تھام کی جائیں اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں کے خلاف پرچے درج کرنے کی بجائے مالکان کے خلاف کاروائیاں عمل میں لائی جائیں جبکہ دریاوں میں غیر قانونی معدنی سرگرمیوں کے لئے استعمال کی جانے والی مشینری ضبط کرکے نیلام کی جائے۔

محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا حکام کے مطابق صوبے میں معدنیات کے شعبے میں کام کرنے والی کمپنیوں کو صوبے ہی میں پراسیسنگ پلانٹس لگانے کا پابند بنایا جائے گا تاکہ مقامی لوگوں کو روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔اسی طرح صوبے میں معدنیات کے لیزز کی مانیٹرنگ کے لئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر کام تیز کیا جائے گا، صوبے کے معدنیات کے شعبے میں آمدن پیدا کرنے کی سب سے زیادہ استعداد موجود ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس استعداد کو بھر پور انداز میں استعمال میں لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ،معدنیات کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ایز آف ڈوئنگ بزنس کو فروغ دیا جائے گا ، صوبے کے تمام دستیاب وسائل اور اثاثوں کا موثر انداز میں استعمال صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے، اس مقصد کے لئے ایسٹس منیجمنٹ کا جدید اور موثر نظام وضع کیا جائےگا۔

محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا حکام کے مطابق صوبائی حکومت آمدن پیدا کرنے والے شعبوں کو مستحکم بنانے کے لئے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرے گی اور ان شعبوں سے حاصل ہونے والی آمدن کا خاطر خواہ حصہ انہی شعبوں پر لگایا جائے گااسی طرح پشاور میں تمام سہولیات سے آراستہ جیمز اینڈ جیولری سٹی کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس میں دیگر سہولیات کے علاوہ جدید لیبارٹری کی سہولت بھی موجود ہو گی۔

محکمہ معدنیات خیبرپختونخوا حکام کے مطابق معدنیات کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کےلئے بین الاقوامی معیار کی منرل ڈیویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے قیام کا اصولی فیصلہ کیا ہے اور متعلقہ حکام کو ضروری ہوم ورک جلد مکمل کرکے معاملہ حتمی منظوری کے لئے صوبائی کابینہ کو پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، مذکورہ کمپنی کے قیام سے ناصرف معدنیات کے شعبے کی سالانہ آمدن میں کئی گنا اضافہ ہوسکے گا بلکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں بھی مدد ملے گی جبکہ یہ کمپنی سرمایہ کاری کے موجودہ پیچیدہ پراسس کو آسان بنانے میں بھی مدد دے گی اور سرمایہ کاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام درکار سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، معدنیات کے شعبے کے بہتر انتظام و انصرام کے لئے ریگولیٹری میکنزم کو مزید موثر بنانے کا بھی اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس مقصد کے لئے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں