نومنتخب اسپیکر میر عبدالقدوس اور ڈپٹی اسپیکر سردار بابر موسیٰ خیل کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہیں،ا مید کرتے ہیںکہ وہ غیرجانبدارطریقے سے ایوان کو لے کر چلیں گے،بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں میرجام کمال ، ملک سکندر، اصغر خان اچکزئی اور دیگر کا اظہارخیال

جمعہ 17 اگست 2018 00:50

کوئٹہ۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر و صوبائی اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر جام کمال خان نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی میر عبدالقدوس بزنجو اورڈپٹی اسپیکر سردار بار خان موسیٰ خیل کو منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام نے جس طرح ہمارے اوپر اعتماد کا اظہار کیا ہم انکی توقعات پر پورا اترنے کی بھر پور کوشش کریں گے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو بلوچستان صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ میر جام کمال خان نے کہا کہ آج جمہوری انداز میں اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا باقی مراحل بھی طے ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات باقی انتخابات سے مختلف ہیں جن میں ہمارے بہت سے دوست ہم سے ہمیشہ کیلئے جدا ہوئے اسی طرح یہ انتخابات ہمارے لئے ایک چیلنج ہے کچھ عناصر انتخابات سے قبل ایسے حالات پیدا کرنا چاہتے تھے تاکہ انتخابات میں عوام گھروں سے نہ نکل سکیں لیکن بلوچستان کے بہادر عوام نے گھروں سے نکل کر ان عناصر کو واضح پیغام دیا کہ وہ ان ہتھکنڈو ں سے مرعوب نہیں ہونگے۔

(جاری ہے)

جام کمال خآن نے کہا کہ باقی صوبوں کی نسبت بلوچستان میں حکومت کرنا مختلف ہے بہت سی مشکلات اورچیلنجز ہیں آج یہ ایوان پورے صوبے کی نمائندگی کر ر ہا ہے ہمیں بھر پور طور پرعوام کے مسائل کے حل کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں گے ۔جمعیت علماء اسالم کے پارلیمانی لیڈر ملک سکندر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں بہت خوشی ہے کہ جمہوری انداز میں یہ مرحلہ مکمل ہوا میں اپنی جانب سے اوراپنی جماعت کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو اور سردار بابر موسیٰ خیل کو مبارکباددیتا ہوں اورا مید کرتا ہوں کہ وہ غیرجانبدارطریقے سے ایوان کو لے کر چلیں گے بلوچستان کی اپنی روایات ہیں وہ ان روایات کا خیال رکھتے ہوئے غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں گے میرعبدالقدوس بزنجو کو چونکہ ماضی کا بھی تجربہ ہے ۔

عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈراصغر خان اچکزئی ،بلوچستان نیشنل پارعٹی کے پارلیمانی لیڈر ثناء بلوچ ،ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے پارلیمانی لیڈر عبدالخالق ہزارہ ،بلوچستان نیشنل پارٹی(عوامی) کے اسفد بلوچ ،پشتونخؤامیپ کے پارلیمانی لیڈر نصراللہ زیرے اورارکان اسمبلی نے نومنتخب اسپیکرمیر عبدالقدوس بزنجو اور ڈپٹی اسپیکر سرداربابر خان موسیٰ خیل کو مبارکباد دیتے ہوئے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں