مختلف چیلنجزاوروسائل کی کمی کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ طالب علموں اور اساتذہ کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے ، علاقے میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کو فروغ دیا جاسکے،یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابر

بدھ 16 جنوری 2019 00:00

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) یونیورسٹی آف تربت کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرعبدالرزاق صابر نے کہاہے کہ مختلف چیلنجزاوروسائل کی کمی کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ طالب علموں اور اساتذہ کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے تاکہ علاقے میں اعلیٰ اور معیاری تعلیم کو فروغ دیا جاسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت یونیورسٹی کے میٹنگ روم میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے موقع پر ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں تربت یونیورسٹی کے رجسٹرار غلام فاروق، ڈائریکٹر کیوای سی پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، ڈین سائنس اینڈ انجینئرنگ ڈاکٹر حنیف الرحمان، ڈائریکٹر فنانس رحمت اللہ،ڈائریکٹرگوادرکیمپس اعجاز احمد، چیئرمین شعبہ اکنامکس ڈاکٹر عبدالقیوم،چیئرمین شعبہ کامرس عیسی کریم، چیئرمین شعبہ انگلش عادل بلوچ، چیئرپرسن شعبہ تعلیم مہناز اسلم، چیئرمین شعبہ پولیٹیکل سائنس چنگیز احمد، چیئرمین شعبہ کمپیوٹر سائنس مختار احمد ، چیئرمین منیجمنٹ سائنسز وسیم برکت اور انچارج ایڈمیشن سیل جمیل احمد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر کا کہنا تھا کہ اس سال مختلف تدریسی شعبہ جات میں داخلہ لینے کے لئے یونیورسٹی کو دوہزار سے زائد درخواستیں وصول ہوئی ہیں جو کہ اعلیٰ تعلیم کے میدان میں ایک مثبت رجحان ہے اور علاقے کی لوگوں کی تعلیم دوستی کا واضع ثبوت ہے۔علاقے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور تربت یونیورسٹی کی تیز رفتار ترقی میں اساتذہ کرام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ معیاری تعلیم کے میدان میں ترقی کئے بغیر ہم ترقی یافتہ اور خوشحال اقوام کے صف میں شامل نہیں ہوسکتے۔

قلیل مدت میں گوادر کیمپس کی ترقی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی اسمبلی سے منظور ی کے بعد گوادر یونیورسٹی ایکٹ کی توثیق گورنر ہاؤس سے بھی ہوچکی ہے اور گوادرکیمپس بہت جلد ایک الگ یونیورسٹی بن جائے گی۔اجلاس میں ڈائریکٹر گوادر کیمپس اور دیگر تدریسی شعبہ جات کے سربراہان نے اپنے اپنے ڈیپارٹمنٹ کے مسائل اور ضروریات کے بارے وائس چانسلر کوآگاہ کیا۔انہوں نے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے مختلف تجاویز پیش کیں۔وائس چانسلر نے تمام شعبہ جات کے مسائل کو بروقت حل کرنے کے لئے متعلقہ افسران کو موقع پر احکامات جاری کئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں