وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر صوبہ بھر میں تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور مہم کا آئندہ ہفتہ سے آغاز کیا جائیگا

پیر 15 جولائی 2019 23:51

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2019ء) وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے دی گئی ہدایت کے تحت صوبہ بھر میں تجاوزات کے خاتمے اور قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور مہم کا آئندہ ہفتہ سے آغاز کیا جارہا ہے جس کے لئے صوبائی وزیر ریونیو میر سلیم احمد کھوسہ کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے، اس ضمن میں صوبائی وزیر نے وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنروں کا بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس منعقد کیا ، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری نورالامین مینگل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اجلاس میں وزیر اعلی بلوچستان کی جانب سے دی جانے والی ہدایات کو سامنے رکھتے ہوئے ڈویژنل کمشنروں کو سال میں چار مرتبہ ہر تین مہینے بعد سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی،صوبائی وزیر ریونیو سلیم کھوسہ نے کہا کہ بلوچستان حکومت وزیراعلیٰ کے وژن کے عین مطابق تمام اضلاع کی سرکاری اراضی پر موجود تجاوزات اور قبضوں کا مکمل خاتمہ کرے گی قبضہ گیروں کی معاونت میں شامل محکمہ ریونیو میں موجود کالی بھیڑوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی جائے گی اور اچھی کارکردگی پیش کرنے والے ڈویژنل کمشنروں اور ریونیو عملے کو کیش ریوارڈ اور خصوصی اسناد سے بھی نوازا جائے گا، وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان پورے بلوچستان میں یکساں ترقی دیکھنا چاہتے ہیں نہ صرف ڈویژنوں بلکہ ان سے منسلک چھوٹے چھوٹے ٹاؤنز میں بھی سرکاری اراضی پر قابض افراد کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی اس سلسلے میں وزیراعلی بلوچستان تمام ڈویژنزاور اضلاع کادورہ کریں گے جس کا مقصد ڈویژنز میں ترقیاتی کاموں اور سرکاری زمینوں کو واپس حکومتی تحویل میں لینے کا جائزہ لینا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دوماہ قبل تجاوزات اور قبضہ مافیا کے خلاف کاروائی کے دوران کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں تقریباً پانچ ارب مالیت کی اراضی واگزار کرائی گئی تھی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت کے مطابق رواں مالی سال کے بجٹ میں ضلع اور ٹاونز کی سطح پر سستی ہاؤسنگ اسکیموں کے قیام کے منصوبہ بھی شامل ہے لہٰذا ڈویژنل کمشنر ان اسکیموں کے لئے سرکاری اراضی کی دستیابی اور نشاندہی کو بھی یقینی بنائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں