پولیو جیسے موذی مرض کے سدباب کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی

کیونکہ اس بیماری سے متاثرہ بچے زندگی بھر کے لیے اپاہج ہو جاتے ہیں، اسی لئے حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے نہایت سنجیدہ ہے اورتمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان

جمعہ 19 اپریل 2019 21:56

کوئٹہ 19۔اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے سد باب کے لئے ہم سب کو مل کر جدوجہد کرنا ہوگی کیونکہ اس بیماری سے متاثرہ بچے زندگی بھر کے لیے اپاہج ہو جاتے ہیں، اسی لئے حکومت پولیو کے خاتمے کے لیے نہایت سنجیدہ ہے اور تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے تاکہ معاشرے کو اس موذی مرض سے نجات دلا ئی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل ٹاسک فورس کی انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے جائزے کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی ،ڈپٹی کمشنر قلعہ عبد اللہ شفقت شاہوانی ،ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کوئٹہ ،پشین، قلعہ عبد اللہ کے علاوہ یونیسف اور ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے عہدیداران نے بھی شرکت کی،اجلاس کے دوران ڈویژنل ٹاسک فورس نے گزشتہ ہونے والی پولیو مہم کی کارکردگی اور حاصل شدہ نتائج کے حوالے سے مرتب رپورٹ پیش کی اور کوئٹہ بلاک کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی،اس موقع پرکمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان نے کہاکہ تینوں اضلاع کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ کے ڈپٹی کمشنر اپنی زیر نگرانی ماہ اپریل میں ہونے والی انسدادپولیو مہم کو چلائیں اور تمام یونین کونسل کے عملے کو ہدایت جاری کی کہ وہ ہر علاقے کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلائیںاور کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور اگر کہیں کسی نے کوئی لاپرواہی کا مظاہرہ کیا تو اس کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

کمشنر کوئٹہ ڈویژن عثمان علی خان نے کہا کہ ہم سب نے مل کرنہ صر ف موجودہ نسل کو اس موذی مرض سے نجات دلانی ہے بلکہ آہندہ آنے والی نسلوں کو بھی اس مہلک مرض سے محفوظ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ انسدادپولیو مہم کی خصوصی طور پر نگرانی کریں گئے اور دوران مہم اگر کسی کو کہیں پرکسی بھی قسم کی دشواری یا مشکل پیش آئے تو وہ فوری طور پر اس کا ازالہ کریں گئے ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں