پشتون آباد دھماکے کے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی میں ٹراما سینٹر نے فعال کردار ادا کیا ، ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو

جمعہ 24 مئی 2019 23:18

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) میڈیکل سپریٹنڈنٹ سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ و مینیجنگ ڈائریکٹر ٹراما سینٹر ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے کہا ہے کہ پشتون آباد بم دھماکے میں تمام زخمی افراد کو طبی امداد کی فوری فراہمی کے لئے ٹراما سینٹر نے فعال کردار ادا کیا اور واقعہ کے بعد بلا تاخیر 28 زخمیوں کو ابتدائی چند منٹوں میں ہی طبی امداد کی فراہمی کا عمل شروع کردیا گیا۔

واقعہ میں تین ہلاکتیں ہوئیں جبکہ 28 افراد زخمی ہوئے جن میں چار کی حالت تشویشناک ہے واقعہ کے تمام زخمیوں کو انتہائی کم وقت میں بہترین طبی سہولیات فراہم کرکے ٹراما سینٹر پر عوامی اعتماد کو بحال کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد سلیم ابڑو نے کہا کہ جمعہ کو پشتون آباد میں رونما ہونے والے افسوسناک واقعہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کے لئے ٹراما سینٹر کی کارکردگی مثالی رہی اور تمام مریض اور ان کر ورثاء علاج معالجہ سے مطمئن ہیں۔

سانحہ کے بعد ٹراما سینٹر کا فوری ردعمل پازیٹیو رہا کسی بھی مریض یا ان کے ورثاء کی جانب سے کوئی سنگل کمپلینٹ نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان اور صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری کے ویڑن کے مطابق ٹراما سینٹر کو مثالی طبی ادارہ بنا دیا گیا ہے جو کسی بھی غیر معمولی سانحے میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی تمام تر صلاحیت رکھتا ہے انہوں نے کہا کہ پشتون آباد سانحے کے اٹھائیس زخمی ٹراما سینٹر لائے گئے چار کی حالت نازک ہے واقعہ میں تین ہلاکتیں ہوئیں تمام زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی کے لئے ٹراما سینٹر کے علاوہ سول سنڈیمن اسپتال کے ڈاکٹرز کو بھی طلب کیا گیا تھا اور اس سانحے کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے بلا تاخیر طبی خدمات کی فراہمی شروع کردی گئی یہی وجہ ہے کہ زخمیوں یا لواحقین کی جانب سے علاج معالجہ پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ٹراما سینٹر کی طبی خدمات میں بہتری ٹراما سینٹر میں اصلاحات اور فعالیت کی دلیل ہے۔

ٹراما سینٹر پر عوام سول سوسائٹی اور مریضوں کا اعتماد ہمارا ریوارڈ ہے۔ اور یہ بات ہمارے لئے باعث اطمینان رہی کہ مریض اور ان کے ورثاء علاج معالجہ کے عمل سے مکمل طور پر مطمئین رہے انہوں نے کہا عدالت عظمی کے احکامات اور صوبائی حکومت کی ہیلتھ پالیسی کے تناظر میں ٹراما سینٹر میں کی جانے والی اصلاحات کے ثمرات عوام کے سامنے ہیں اور ہماری بھر پور کوشش ہے کہ ٹراما سینٹر میں طبی خدمات کی فراہمی کو بہتر سے بہتر بنایا جائے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں