یونیورسٹی سے متصل بم دھماکے کے بعد ٹرشری کیئر پاسپیٹلز میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے،ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی

زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں،پارلیمانی سیکرٹری صحت کابم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

پیر 18 اکتوبر 2021 22:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2021ء) پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی سے متصل بم دھماکے کے بعد صوبائی دارلحکومت کے ٹرشری کیئر پاسپیٹلز میں ایمرجنسی نافذ کرکے زخمیوں کے بہتر علاج معالجے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں تمام زخمیوں کو ٹراما سینٹر میں طبی امداد فراہم کی گئی دھماکے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوا جبکہ 13 اہلکاروں سمیت مجموعی طور پر 17 افراد زخمی ہوئے زخمی پولیس اہلکاروں کو انسپکٹر جنرل پولیس کی تجویز پر سی ایم ایچ منتقل کیا گیا ۔

اپنے ایک بیان میں پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ واقعہ کے فوری بعد ہنگامی بنیادوں پر غیر معمولی طبی عملہ طلب کر لیا گیا اور بہت ہی مختصر نوٹس پر ٹراما سینٹر اور سول سنڈیمن اسپتال کوئٹہ کے آپریشن تھیٹر تیار کرکے سنگین نوعیت کے زخمیوں کو آپریٹ کیا گیا اس واقعہ کے بعد ہدایت جاری کی گئی کہ سول سنڈیمن اسپتال اور ٹراما سینٹر میں غیر ضروری رش سے اجتناب کیا جائے کیونکہ ایسے حالات میں نہ صرف ڈاکٹرز کا کام متاثر ہوتا ہے بلکہ سیکورٹی کے پوائنٹ آف ویو سے بھی یہ درست نہیں ۔

(جاری ہے)

پارلیمانی سیکرٹری صحت نے بم دھماکے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار کے پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا جبکہ تمام زخمی افراد کی صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں