صوبے کی ترقی و خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے، صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ

منگل 23 اپریل 2024 19:29

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2024ء) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا ہے کہ صوبے میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھانا حکومت کی اولین ترجیح ہے صوبے کی ترقی اور خوشحالی میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی جانب سے محکمانہ بریفنگ کے موقع پر کیا اس موقع پر سیکرٹری مواصلات و تعمیرات قمبر دشتی ایڈیشنل سیکرٹری امیر حمزہ زہری چیف انجینئر ڈیزائن ڈاکٹر سجاد بلوچ اور زونل چیف انجینئر آفیسران کے علاو ہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے سیکرٹری قمبر دشتی نے محکمہ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اس وقت پچاس ہزار کلومیٹر روڈز ہیں جن میں چوبیس ہزار کلومیٹر روڈز پختہ ہیں صوبے کا رقبہ وسیع وعریض ہونے کی وجہ سے باقی ماندہ روڈز پختہ ہونے کے مراحل میں ہیں سیکرٹری مواصلات نے مزید کہا کہ سلو فنڈنگ کی وجہ سے منصوبے اپنے وقت مقررہ پر مکمل نہیں ہو پاتے جسکی وجہ سے محکمہ کو کافی مشکلات درپیش ہیں ، صوبے میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ ہر تین ماہ بعد لیا جا رہا ہے جس میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اس حوالے سے درپیش مختلف مسائل کا جائزہ لینے کے بعد مزید احکامات دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا اعلیٰ میعار یقینی بنانا اور شفافیت اولین ترجیح ہوگی۔ مضبوط انفراسٹرکچر ہی بلوچستان کی ترقی کا ضامن ہے صوبائی وزیر نے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بہترین ٹیم کا انتخاب کرینگے ۔انہوں نے کہا کہ درگزر کا وقت گزر گیا ہے ابھی صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کرینگے صوبائی وزیر نے کہا کہ ایک بہترین مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے گی جو ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں کوتاہی برتنے والے آفیسران کی نشاندہی کرے گی جن کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے میعار پر کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں