شکاگوکے محنت کشوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دنیا بھر کے مزدور تحریکوں میں تاریخی باب رقم کیا ،نعیم کریم

منگل 30 اپریل 2024 21:25

ًکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سینئر رہنما چوہدری نعیم کریم نے مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر محنت کشوں کو بنیادی حقوق کے لیے جرات مندانہ اور قابل تعریف جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ دن نہ صرف محنت کشوں کی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے بلکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں ان کے کردار کے اعتراف کی عکاسی بھی کرتا ہے اس دن کو منانے کا مقصد پوری دٴْنیا بشمول پاکستان کے مزدوروں کے لئے حق کی آواز بلند کرنا ہے۔

عالمی یوم مزدور کے موقع پراپنے ایک پیغام میںچوہدری نعیم کریم نے کہا کہ شکاگوکے محنت کشوں نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے دنیا بھر کے مزدور تحریکوں میں تاریخی باب رقم کیا جو آج ان عظیم انسانوں کی قربانیوں کے بدولت محنت کشوںکا سر فخر سے بلند ہے اور پوری دنیا کے محنت کشوں نے شکاگو کے عظیم شہداء کے لہوکو اپنی شناخت کے لئے اپنا لیا ہے شکاگو کے شہداء نے اپنے لہو، لازوال قربانیوں اور شعوری جدوجہد کے ذریعے دنیا کے محنت کشوں کو یہ پیغام دیا کہ استحصالی نظام کو ختم کرکے مزدور راج قائم کیا جائے اور اس وقت کے سامراجی حکمرانوں، مل مالکان، کارخانہ داروں،سرمایہ داروں صنعت کاروں کو للکار تے ہوئے اعلان کیا تھا کہ ہمیں بھی زندہ رہنے کا حق دو، ہمارے اوقات کار مقرر کرو، ہماری تنخواہوں میں اضافہ کرو، ہمیں روزگار دو۔

(جاری ہے)

عظیم محنت کشوں اور ان کی مخلص قیادت نے جان کی قربانی دیکر دنیا کے محکوم، مظلوم طبقات مزدوروں کسانوں کاشتکاروں اور کھیت مزدوروں کے لئے ایک ایسے راستے کا تعین کیا جس کی منزل ایک ایسے معاشرے کا قیام تھا جس کی بنیاد عزت آزادی اور طبقاتی تضادات سے پاک سرمائے کی منصفانہ تقسیم تھی تاکہ محنت کش طبقہ جو اپنے ہاتھوں سے دو وقت کی روٹی کماتے ہیں انہیں باعزت روزگار میسر ہو محنت کشوں کی عظیم قربانیوں اور لہو کی بدولت دنیا بھر کے مزدوروں کے اوقات کار آٹھ گھنٹہ مقرر ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مزدوربھی معاشرے اور ملک کی مجموعی معاشی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں جن ممالک نے بھی صنعت کے میدان میں خاطر خواہ ترقی کی ان کی اس ترقی میں انکے مزدوروں کے تعمیری کردار کو یقینا نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت نہ صرف مزدوروں کے حقوق کی موثر ادائیگی میں کوشاں ہے بلکہ محنت کشوں کا استحصال کرنے والوں کو کٹہرے میں بھی لائے گی اور تمام محنت کشوں کے لئے ترقی کے یکساں مواقع اور ضروریات زندگی کی تمام سہولتوں کی فراہمی کو ہرممکن یقینی بنائے گی انشاآللہ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں