بلوچستان امن جرگے کی زمیندارایکشن کمیٹی بلوچستان کے مطالبات کی مکمل حمایت

حکومت فوری طور پر زمینداروں کے جائز مطالبات تسلیم کرے اور زرعی ٹیوب ویلوں کو بجلی سے سولرپر منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے، لا لہ یو سف خلجی

بدھ 15 مئی 2024 04:35

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2024ء) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے زمیندارایکشن کمیٹی بلوچستان کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت فوری طور پر زمینداروں کے جائز مطالبات تسلیم کرے اور زرعی ٹیوب ویلوں کو بجلی سے سولرپر منتقل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ زمیندارایکشن کمیٹی کے زیراہتمام بلوچستان بھر کے کسان اورزمینداراپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے گزشتہ کئی روز سے بلوچستان اسمبلی کے سامنے دھرنادیئے بیٹھے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تاحال زمینداروںکے مسائل حل کرنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں کارخانے اورفیکٹریاں نہ ہونے کی وجہ سے لوگ زراعت کے ذریعے اپنے لئے روزگار پیدا کرتے ہیں لیکن کیسکو کی جانب سے 24گھنٹوں میں صرف 3گھنٹے زمینداروںکو بجلی فراہم کی جارہی ہیں جس کی وجہ سے باغا ت اورفصلیں تباہ ہوچکی ہیں اورزمینداروںکو اربوںروپے کا نقصان کاسامنا کرناپڑ رہاہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ صوبے میں کیسکو کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ سے جہاں کاروبارزندگی بری طرح متاثرہوا ہے وہاں زراعت مکمل طور پرتباہ ہوکررہ گئی ہے اورہزاروں کی تعدادمیں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ زمیندارایکشن کمیٹی نے اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے بلوچستان اسمبلی کے سامنے پرامن دھرنادے رکھاہے لیکن حکمرانوںکے کانوں پرجوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی ا ور صوبائی حکومتیں فوری طورپر زمیندارایکشن کمیٹی کے جائزمطالبات تسلیم کرے اور زرعی ٹیوب ویلوں کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے زمینداروں کو سبسڈی فراہم کرے تاکہ صوبے میں زراعت مزید ترقی کرسکے اور لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداہوسکیں

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں