۔شہر میں بڑھتی ہوئی چوری ،ڈکیتی ،موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں اوربچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات پر تشویش کا اظہار،یوسف خلجی

اتوار 19 مئی 2024 22:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مئی2024ء) بلو چستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کوئٹہ شہر میں بڑھتی ہوئی چوری ،ڈکیتی ،موٹرسائیکل چھیننے کی وارداتوں اوربچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور پولیس کی ذمہ داری ہے لیکن کہیں بھی حکومت کی رٹ نظر نہیں آرہی ہے جس کی وجہ سے عوام میں عدم تحفظ کا احساس پایا جاتا ہے۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ کوئٹہ شہر کا شمار پرامن ترین علاقوں میں ہوتا تھا لیکن گزشتہ چند ماہ سے کوئٹہ شہر میں دن دیہاڑے چوری ،ڈکیتی ،لوگوں سے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکلیںاور موبائل چھیننے اور بچوں کے لاپتہ ہونے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس سے شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ رہا ہے اورلوگ اپنے آپ کو غیر محفوظ تصورکر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پولیس عوام کے جان و مال کو تحفظ دینے کی بجائے ناکے لگاکر شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے پر لگی ہوئی ہے جس کی بلوچستان امن جرگہ سخت الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور پولیس سمیت دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن حکومت اورپولیس کی رٹ کہیں بھی نظر نہیں آرہی ہے اور ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کوئٹہ شہر کے حالات کو خراب کیا جارہا ہے۔

لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ صوبائی حکومت ،وزیرداخلہ ،آئی جی پولیس ،ڈی آئی جی اوردیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اورچوری ،ڈکیتی اور بچوں کو لاپتہ کرنے والوں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے بصورت دیگر بلوچستان امن جرگہ سخت احتجاج پر مجبور ہوگا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں