بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ،میر سرفراز بگٹی

ملک کیخلاف ونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ریاست اور نوجوانوں کے درمیان دوریاں ختم کرنی ہوں گی،وزیراعلیٰ بلوچستان

جمعرات 23 مئی 2024 23:15

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بے بنیاد پروپیگنڈوں کے ذریعے ہمارے نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے ملک کے خلاف ہونے والی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ریاست اور نوجوانوں کے درمیان دوریاں ختم کرنی ہوں گی بلوچستان کا ہر شہری امن کا خواہاں ہے بلوچستان کے مسئلے کو سمجھنے کے لئے تاریخ سے واقفیت ضروری ہے پاکستان کے ہر صوبے میں پسماندہ علاقے موجود ہیں بلوچستان انسرجنسی کی وجہ پسماندگی نہیں بلکہ ذاتی مفادات اور ماضی کی غلط طرز حکمرانی ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں 13ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی اور پارلیمانی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی میر لیاقت علی لہڑی بھی موجود تھے وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سے متعلق لوگوں کو اصل حقائق بتانے کی ضرورت ہے لوگ سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں ریاست اور علیحدگی پسندوں کی جنگ ہے یہ تاثر غلط ہے یہ ہم سب کی لڑائی ہے جو ہم سب نے ملکر لڑنی ہے ریاست رہے گی تو ہم رہیں گے الحمداللہ ہماری سیکورٹی فورسز ہر طرح کی سازشوں اور جارحیت سے نبرد آزما ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گورننس کے 70 سالہ بگڑے نظام کو چند مہینوں میں درست کرنا ممکن نہیں ہم بہتری کی کوششیں کررہے ہیں وقت سے زیادہ درست سمت کا ہونا ضروری ہے تمام شعبوں خصوصاً صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات لانے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہر نوجوان کو سرکاری ملازمت نہیں دے سکتے تاہم روزگار کی فراہمی کے لئے آئندہ دو سالوں میں 30 ہزار جوانوں کو ہنر مند بناکر بیرون بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ بیروزگار نوجوانوں کو بلا سود قرضہ دیں گے گریجویٹس نوجوان بزنس پلان لائیں ان کو ان کی متعلقہ فیلڈ کی تعلیم میں روزگار کی فراہمی کے لئے وسائل دیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں بینظیر بھٹو اسکالرشپ پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر سمیت تمام طبقات کو بنیادی سطح سے اعلیٰ سطح تک تعلیمی اسکالرشپ دی جائے گی سائنسز میں پی ایچ ڈی کرنے والے بلوچستان کے ہر طالب علم کو دنیا بھر کی 200 اعلی ترین جامعات میں تعلیم کے لئے مکمل اسکالر شپ دیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان میں آکر ہی یہاں کے حقائق سے درست آگاہی حاصل ہوسکتی ہے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے تمام شرکاء نے تربیتی دورانیے میں تمام طبقات کا موقف سنا اور بلوچستان سے متعلق ان کا تصور واضح ہوا جو ایک خوش آئند بات ہے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کی خواتین کو معاشی و اقتصادی ترقی کے مواقعوں کی فراہمی کے لئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں صوبائی حکومت نے جامع اقدامات تجویز کئے ہیں جس کے تحت انہیں فیصلہ سازی کے عمل میں شریک کرنے کے ساتھ ساتھ ہنر مندی کی تربیت دیکر روزگار کے مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں قبل ازیں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء نے وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے مختلف سوالات بھی کئے جس کا وزیر اعلی بلوچستان نے بھرپور دلائل کے ساتھ مفصل جواب دیا ورکشاپ کے شرکاء نے وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ گروپ فوٹو بھی لیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں