خواجہ فرید یونیورسٹی نے 3 سال میں ڈیڑھ ارب کے سکالرشپ تقسیم کئے ، وی سی

جمعہ 28 اپریل 2023 19:16

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2023ء) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ( ایچ ای ڈی) جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان کا دورہ کیا۔ جامعہ آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے ان کا استقبال کیا اور انہیں خواجہ فرید یونیورسٹی کی جانب سے گزشتہ تین سالوں میں اٹھائے گئے اقدامات، انفراسٹرکچر اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی نے حالیہ ملکی و غیر ملکی اداروں کی رینکنگز میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں اور اپنی ہم عصر جامعات سے بہتر پوزیشن پر براجمان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی نے گزشتہ تین سال میں 6 ہزار کے قریب طالب علموں کو 1 ارب 50 کروڑ روپے سے زائد کے سکالر شپ فراہم کیے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد ابراہیم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز رحیم یار خان سعدیہ رشید بھی موجود تھیں۔

بعد ازاں معزز مہمانوں کو ٹیچنگ بلاک، سمارٹ کلاس رومز، کمیونٹی سنٹر، سپورٹس کمپلیکس سمیت حال ہی میں مکمل ہونے والے انفراسٹرکچر کے تمام پراجیکٹس کا وزٹ بھی کرایا گیا۔ اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ( ایچ ای ڈی) جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے خواجہ فرید یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی کوسراہتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر کی قیادت میں اٹھائے گئے اقدامات ، یونیورسٹی کی آئی ٹی کے حوالے سے کارکردگی، گرین اینڈ کلین مہم اور تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کی تعریف کی۔

اس دوران جامعات کو ڈیجیٹل کرنے،جدید ٹیکنالوجی کی بنیادوں پر اصلاحات متعارف کرانے،طلبا و طالبات کو جدید ٹیکنالوجی سے متعارف کروانے اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے شعبے کی اہمیت پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس دوران خواجہ فرید یونیورسٹی کی جانب سے اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر رجسٹرار خواجہ فرید یونیورسٹی ڈاکٹر محمد صغیر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں