جامعہ فرید کے دو پروفیسرز نے گولڈ میڈل حاصل کر لیے

منگل 28 نومبر 2023 19:30

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے دو فیکلٹی ممبران نے پاکستان اکیڈیمی آف سائنسز سے مختلف کیٹگریز میں گولڈ میڈلز اپنے نام کرلیے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اکیڈیمی آف سائنسز کی جانب سے سال 2023 کے لیے مختلف درجہ بندیوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں خواجہ فرید یونیورسٹی کے دو مایہ ناز اساتذہ کرام بھی شامل ہیں۔

نتائج کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف فزکس کے ڈائریکٹر و ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر محمد بلال طاہر کو فزکس کی درجہ بندی میں گولڈ میڈل دیا گیا ہے جبکہ انسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری کے ڈاکٹر محمد خالد کو کیمسٹری کی درجہ بندی میں ڈاکٹر عطاالرحمان گولڈ میڈل عطا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد کو 40 سے کم عمر سائنسدانوں کی درجہ بندی میں گولڈ میڈل ملا۔ دو مختلف درجہ بندیوں میں گولڈ میڈل ملنے پر خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شہزاد مرتضیٰ نے ڈاکٹر محمد بلال طاہر اور ڈاکٹر محمد خالد کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تدریس کے معیار کو بہتر بنانے اور معیاری تدریس کے ذریعے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے میں فیکلٹی کی اہمیت ریڑھ کی ہڈی جیسی ہے اور ایسے اساتذہ جو تدریسی ذمہ داریوں کے ساتھ سائنسی ترقی کے لیے بھی خدمات سرانجام دیتے ہوں ان کی پذیرائی انتہائی ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر محمد بلال طاہر اور ڈاکٹر محمد خالد کو یہ اعزازات ملنا اس بات کا ثبوت ہے کہ خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں اعلیٰ پائے کے سائنسدان موجود ہیں ،جو نسل نو کی تعلیم اور قومی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔ علاوہ ازیں رجسٹرار خواجہ فرید یونیورسٹی ڈاکٹر محمد صغیر، ایسوسی ایٹ ڈینز، مختلف شعبہ جات کے سربراہان ، فیکلٹی ممبران اور انتظامی افسران نے بھی اس شاندار کامیابی پر دونوں فیکلٹی ممبران کو مبارکباد پیش کی۔

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں