رحیم یار خان، ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا ٹڈی دل سے متاثرہ مواضعات کا دورہ

منگل 26 مئی 2020 19:15

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مئی2020ء) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد کا ٹڈی دل سے متاثرہ مواضعات کا دورہ، متعلقہ محکموں کی جانب سے ٹڈی دل کے تدارک کیلئے کئے جانے والے آپریشن کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل ایک قدرتی آفت ہے جو مختلف اضلاع اور صوبوں سے ہمارے ضلع میں داخل ہو رہی ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے مکمل چوکس ہیں اور ٹڈی دل کی موجودگی پر فوری آپریشن کرتے ہوئے اسے تلف کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر بھی تمام متعلقہ محکموں کے افسران و سٹاف کی چھٹیاں محدود کی گئی تاکہ ٹڈی دل کے خلاف جاری آپریشن متاثر نہ ہو۔انہوں نے کاشتکاروں کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ دوران پرواز ٹڈی دل (لوکسٹ) کے خلاف انسدادی اپریشن ممکن نہیں یہی وجہ ہے کہ ادارے کسی بھی مقام پر اس کے ٹھہرائو کا انتظار کرتے ہیں تاکہ اسے تلف کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل دوران پرواز اپنی سمعت اور مقام کا خود تعین کرتی ہے اور پرواز کے دوران اسے روکنا ممکن نہیں تاہم ضلعی انتظامیہ اپنی تمام تر افرادی و مشینری قوت کے ہمراہ اس کے خلاف صف آراء ہے۔کاشتکار ٹڈی دل کی کسی بھی مقام پر موجودگی کی اطلاع فوری ضلعی انتظامیہ کو فراہم کریں اور اس کے انسداد کے لئے متعلقہ محکموں کے ساتھ اپنے تعاون کو یقینی بنائیں۔

متعلقہ عنوان :

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں