خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں چھٹا سالانہ سپورٹس گالا و ایتھلیٹکس میٹ شروع

پیر 6 مارچ 2023 18:02

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2023ء) خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں چھٹا سالانہ سپورٹس گالا و ایتھلیٹکس میٹ 2023 شروع ہوگیا۔ شاندار تقریب کا افتتاح مہمان خصوصی سیکنڈ کمانڈر چولستان رینجرز بریگیڈئیر رضوان اللہ نذیرنے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر او دیگرمہمانوں کے ہمراہ کیا۔

اس موقع پر وہاں موجود کھلاڑیوں نے معزز مہمانوں پر گل پاشی کی۔ سپورٹس گالا کے پہلے روز مختلف شعبہ جات کے طلبا و طالبات نے مارچ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر بریگیڈئیر رضوان اللہ نذیر اور سٹیج پر بیٹھے دیگر معز مہمانان کو سلامی پیش کی، کبوتراور رنگا رنگ غبارے فضا میں چھوڑے۔ گالا کے پہلے روز کرکٹ، فٹ بال، والی بال، ہینڈ بال، بیڈ منٹن،رسہ کشی اور دیگر کھیلوں کے مقابلے ہوئے ۔

(جاری ہے)

تمام شعبہ جات کے کھلاڑیوں نے اپنی اپنی ٹیم کو جتوانے کے لیئے بھرپور کھیل کا مظاہر ہ کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر نے کہا کہ خواجہ فرید یونیورسٹی کے طالب علم جس طرح کھیل کے میدان میں پرجوش نظر آرہے ہیں اسی طرح تعلیمی سرگرمیوں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا جامعہ کو کھیل اور تعلیم کے میدان میں نمبر ون بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ جہاں جامعہ قومی و بین الاقوامی رینکنگز میں نمایاں طور پر سامنے اآرہی ہے اسی طرح کھیل کے مختلف علاقائی و قومی مقابلوں میں سو سے زیادہ میڈلز اپنے نام کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا نوجوانوں کو موبائل فونز اور انڈور گیمز سے سرسبز میدانوں میں لانا وقت کی ضرورت ہے تاکہ طلبہ کی صحت میں بہتری آئے۔ انہوں نے کہا کھیل کے میدان آباد ہوں گے تبھی ہسپتال ویران ہوں گے اور صحتمند جسم میں ہی صحتمند دماغ نشوونما پاتا ہے۔

مہمان خصوصی بریگیڈئیر رضوان اللہ نذیرنے کہا خواجہ فرید یونیورسٹی کے طالب علموں کی کارکردگی متاثر کن ہے۔ نصابی و ہم نصابی سرگرمیوں میں طلبہ کی دلچسپی ، تعلیمی معیار میں مسلسل بہتری سمیت مختلف شعبوں میں جامعہ کی نمایاں کارکردگی پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیمان طاہر اور ان کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، انہوں نے کہا یونیورسٹی میں آکر خوشگوار حیرت ہوئی کیونکہ یہاں نہ صرف تعلیمی لحاظ سے گہما گہمی نظر آئی بلکہ ہریالی اور کھیل کے آباد میدان بھی دل کو بھاتے رہے۔

انہوں نے کہا جیت اور ہار کھیل کا حصہ ہیں۔ کھلاڑیوں کو چاہئے کہ وہ عملی زندگی کے اتار چڑھاو کا بھی حوصلے اور جراتمندی سے سامنا کریں۔ پانچ روزہ گالا کہ پہلے دن مختلف شعبہ جات کے درمیان رسہ کشی،تیکوانڈو، ایتھلیٹکس، دوڑ، کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور ہینڈ بال کے مقابلے ہوئے جس میں کھلاڑیوں نے بھرپور کارکردگی دکھائی ۔ڈھول کی تھاپ اور طلبا کے روائتی رقص نے گالا کی رونق کو دوبالا کردیا۔

اس موقع پر پرنسپل دانش سکول اشفاق احمد، پرنسپل شیخ زید میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم،صدر پریس کلب محمد عاصم صدیق، صدر ایمرا جاوید عباس،علامہ ریاض احمد نوری، پرنسپل نیشنل گریژن سکول یاسین رامے، رجسٹرار ڈاکٹرمحمد صغیر،ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد شہزاد مرتضیٰ،ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹرعدنان باجوہ، ڈپٹی ڈائریکٹرسپورٹس یاسرعلی،کوآرڈینیٹر انسٹی ٹیوٹ آف ہیومینیٹز اینڈ آرٹس محمد انور فاروق، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افیئرزڈاکٹر محمد اسلم خان،ڈاکٹر بلال طاہر،ڈاکٹر یاسر نیاز، ڈاکٹر جلات خان،ڈاکٹر میاں طارق محمود سمیت دیگر ہیڈز آف ڈیپارٹمنٹس، فیکلٹی ممبرز اور طلبا وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔\378

رحیم یار خان میں شائع ہونے والی مزید خبریں