فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے محفلِ میلاد کا انعقاد

ہفتہ 16 دسمبر 2017 00:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 دسمبر2017ء) فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 12 ربیع الاول کے حوالے سے محفلِ میلاد کا اِنعقادکیا گیا جسے بھرپور مذہبی جذبہ کے ساتھ منایا گیا۔ محفلِ میلاد میں تمام سربراہان شعبہ جات، اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ثمینہ امین قادر (وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی) تھیں۔

میلاد کے دوران طلبہ نے میلادِ النبیﷺ کے حوالے سے نبی پاکﷺ کی شان میں نعتیہ کلام پیش کئے۔ طلبہ فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی نے موقع کی مناسبت سے نبی پاک ﷺ کی سیرت طیبہ کو مدِنظر رکھتے ہوئے (پیامِ امن) موضوع پر روح پرور بیان بھی پیش کیا۔ اس بیان میں انہوں نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں بتایا کہ کیسے سیرتِ نبوی پر عمل کر کے ایک فرد معاشرے میں مثبت کردار ادا کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ نبی پاکؐ کی سیرتِ نبوی ہی ہمارے لئے مشعلِ راہ ہے۔ میلاد کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور حمدِ باری تعالیٰ سے کیا گیا۔ میلاد کے دوران طلبہ نے میلادِ نبی کے حوالے سے نعت خوانی بھی کی۔ تقریب کی مہمانِ خصوصی ڈاکٹر ثمینہ امین قادر (وائس چانسلر فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی) نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محفلِ میلاد کے اِنعقادکا مقصد نبی پاکﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار کرنا ہے، ہمارے نبیﷺ ایک باکمال کردار کے مالک تھے جنہیں تمام جہانوں کیلئے رحمت بنا کے بھیجا گیا۔ میلاد کے اختتام پر سلام ودعا کے ساتھ ساتھ ملک اور یونیورسٹی کی خیر و برکت، کامیابی اور ترقی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں