چکری سروس ایریا کی نواحی آبادیوں میں تعفن پھیل گیا

چکری سے راولپنڈی آتے ہوئے شدید بدبو کے باعث سفرمحال ، اہلیان علاقہ مختلف امراض کا شکار

اتوار 19 مئی 2019 19:00

․ راولپنڈی 19مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2019ء) موٹر وے چکری سروس ایریا کے سیوریج کے پانی سے نواحی آبادیوں میں تعفن پھیل گیا ،اہلیان علاقہ نے سیوریج کے بدبودار پانی کو بیماریوں کے پھیلائو کا سبب قرار دے دیا ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق موٹر وے چکری سروس ایریا کے گٹر پائپ لائن کی اوپننگ قریبی آبادیوں چک دینال ،چکری و دیگر آبادیوں کی زمینوں میں کھلی چھوڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے سروس ایریا سے نکلنے کے بعد چکری سے راولپنڈی آتے ہوئے چکری سے چک دینال تک شدید بدبو کے باعث گذرنا محال ہو چکا ہے ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے قریبی آبادیوں کے مکینوں نے اتوار کو سرکار ی خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ بدبو اور تعفن کی وجہ سے ان کا علاقہ میں رہنا محال ہو چکا ہے جبکہ اس تعفن سے اہالیان علاقہ مختلف امراض کے شکار ہو رہے ہیں ۔مکینوں کا کہنا تھا کہ اس بابت معززین علاقہ نے عوامی نمائندوں کو بارہا آگاہ کیا تاھم کوئی نوٹس نہیں لیا گیا ۔مکینوں نے کہاکہ وہ موٹر وے انتظامیہ اور این ایچ اے سے مطالبہ کرتے ہیں کہ علاقہ مکینوں کو اس عذاب سے نجات دلایا جائے اور گٹر سیوریج لائن سے اٹھنے والی بدبو کو ختم کیا جائے بصورت دیگر راست اقدام پر مجبور ہوں گے ۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں