9 مئی واقعات کیسز، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتیں منظورکرلی گئیں

راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت کی ،علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش ہوئے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 16 اپریل 2024 13:21

9 مئی واقعات کیسز، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتیں منظورکرلی گئیں
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اپریل2024 ء) راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات متعلق کیسز میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے وارنٹ گرفتاری منسوخ اور ضمانتیں منظور کرلیں،علی امین گنڈا پور عدالت میں پیش ہوئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔دوران سماعت عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے پیش ہونے پر وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے۔

اسی طرح ایڈیشنل سیشن جج راجا فیصل رشید کی عدالت میں وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے خلاف تھانہ نصیر آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی استقبال کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی مجموعی طور پر سانحہ 9 مئی کے 13 مقدمات میں عبوری ضمانتیں منظور کرلی گئیں۔

(جاری ہے)

عدالت نے شخصی ضمانت پر ضمانتیں منظور کرتے ہوئے تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز سے مقدمات کا ریکارڈ طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے تھے۔ وارنٹ گرفتاری راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے جاری کئے تھے۔عدالت نے مراد سعید، شیریں مزاری، شہباز گل اور شبلی فراز کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔عدالت نے ملزمان کو 2 اپریل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

ملزموں کو صداقت عباسی، واثق قیوم عباسی اور عمر تنویر بٹ کے 164 کے بیانات کی روشنی میں نامزد کیا گیا تھا، ملزموں کے خلاف 164 کے بیانات 17 جنوری کو ریکارڈ کروائے گئے تھے۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری 9 مئی کے واقعات سے متعلق کیس میں جاری ہوئے تھے ان کے خلاف تھانہ سٹی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں