کوٹلی ستیاں کو متبادل سیاحتی مقام کے طو ر پر ترقی دینے کیلئے کاوشوں کا آغاز

ہمہ جہت مقاصد کے حامل دو نئے ڈیم بھتیاں کھڈ نالہ اور کہوٹی لہتراڑبنوڑ کھڈ نالہ کوٹلی ستیاں میں تعمیر کئے جائیں گے ، اعلی حکومت سطح سے یقین دہانی ملی ہے ‘ڈیم بنا کر مسلم لیگ) ن( تحصیل کے عوام کی محرومیوں کا ازالہ کر سکتی ہے ‘شاہد ریاض ستی

جمعہ 19 جنوری 2018 12:55

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2018ء) پاکستان مسلم لیگ ن کے راہنماء وسابق پارلیمانی سیکریٹری پنجاب شاہد ریاض ستی نے کہا ہے کہ تحصیل کوٹلی ستیاں کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے ہمہ جہت مقاصد کے حامل دو نئے ڈیم بھتیاں کھڈ نالہ اور کہوٹی لہتراڑبنوڑ کھڈ نالہ کوٹلی ستیاں میں تعمیر کئے جائیں گے جن کی تعمیر کے بارے میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے یقین دہانی کرائی ہے ․ انہوں نے یہ بات معززین کے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی․ انہو ںنے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران تحصیل کوٹلی ستیاں کی ہمہ جہت ترقی کے حامل دو ڈیمز کی تعمیر پر بریفنگ دینے کے علاوہ ڈیموں سمیت دیگر مسائل بارے وزیر اعظم کو تحریری فائل پیش کی ․انہوں نے کہا کہ کوٹلی ستیاں میں بھتیاں کھڈ نالہ اور کہوٹی لہتراڑبنوڑ کھڈ نالہ پر دو ڈیم تعمیر کرکے مسلم لیگ ن تحصیل کوٹلی ستیاں کی محرومیوں کا مداوا کر سکتی ہے ․ انہوں نے کہا کہ ان ڈیموں کی تعمیر سے علاقے میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوگا اور تحصیل مری کے متبادل سیاحتی مقام ڈویلپ ہوگا جس سے روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہونے کے علاوہ ملحقہ آبادیوں میں زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی ․ قدرتی طور پر بے پناہ حسن کے حامل ان دونوں مقامات پر سیاحت کا فروغ نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاحوں کے لئے بھی کشش کا باعث ہے ․ڈیموں کی تعمیر سے کلف ڈائیونگ ، واٹر سکوٹر ، واٹر بوٹس، کشتی رانی اور دیگر صحت مند سرگرمیوں کوفروغ حاصل ہوگااور تحصیل کی پسماندگی دور کرنے میں بڑ ی مدد ملے گی ․ نیز ڈیموں کی تعمیر سے جنگلات کو بھی فروغ حاصل ہوگا ․ شاہد ریاض ستی نے کہا کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس تجویز کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ وہ ان ڈیموں کی تعمیر کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے -

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں