عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے لاکھوں روپے ہتھیانے کے مقدمہ میں سیلون مالکن کی ضمانت منظور کرلی

پیر 23 مئی 2022 19:03

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ نے کاروباری شراکت داری کے دوران لاکھوں روپے ہتھیانے کے مقدمہ میں ملوث سیلون مالکن کی ضمانت منظور کرلی ۔ عدالت عالیہ راولپنڈی بنچ کے جسٹس سردار احمد نعیم نے کاروباری شراکت میںماہانہ منافع کا لالچ دے کر 47لاکھ روپے ہتھیانے کے مقدمہ میں نامزدجگنو وسیم سیلون کی مالکن کی درخواست ضمانت2لاکھ روپے کے مچلکوں پر منظور کی ۔

قبل ازیں راولپنڈی کی سیشن عدالت نے ملزمہ کی درخواست ضمانت خارج کر دی تھی جس کے بعد ملزمہ نے عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔ تھانہ ویمن پولیس نے 19اپریل کو فرزانہ بی بی کی مدعیت میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ489-Fکے تحت مقدمہ نمبر3درج کیا تھا جس میں الزام تھا کہ حنا حسین عرف عرف عظمت نے اپنے بھائیوں صابر عرف جگنو مہتاب صابر اور آفتاب کے ساتھ مل کر دھوکہ دہی کے ذریعے ماہانہ منافع دینے کی یقین دہانی اور جگنو وسیم سیلون میں سرمایہ کاری کے نام پر 47لاکھ روپے نقد وصول کئے 2/3ماہ گزرنے کے بعد جب ان سے منافع کا تقاضا کیا تو اس نے ایک چیک دیا جو دستخط میچ نہ کرنے اور اکاﺅنٹ میں رقم نہ ہونے کی وجہ سے باﺅنس ہو گیا ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں ملزمان رقم کی واپسی کے تقاضے پر مدعیہ کو دھمکیاں دینے لگے ۔ ملزمہ نے ماتحت عدالت سے درخواست ضمانت خارج ہونے کے بعد عدالت عالیہ سے رجوع کیا تھا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں