آر ڈی اے نے دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کو نوٹس جاری کر دئیے

ہفتہ 20 اپریل 2024 17:48

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2024ء) میٹروپولیٹن پلاننگ اینڈ ٹریفک انجینئرنگ ڈائریکٹوریٹ آر ڈی اے نے ٹی چوک جی ٹی روڈ روات راولپنڈی کے قریب واقع پارک ویو سٹی فیز IIاور موضع ترہیہ چک بیلی لنک روڈ پرباکو سٹی نامی دو غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کو منظوری کے بغیر ڈویلپمنٹ اور مارکیٹنگ کرنے کی وجہ سے نوٹس جاری کر دیے ہیں۔

ترجمان آر ڈی اے نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں عوام الناس کو دھوکہ دہی سے پلاٹ خریدنے اور ان کی زندگی کی کمائی کی جمع پونجی چوری کرنے کی ترغیب دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے نے ڈائریکٹر ایم پی اینڈ ٹی ای کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی اشتہارات اور مارکیٹنگ کے خلاف کارروائی کی جائے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی جائیں۔

(جاری ہے)

مزید یہ کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے اسپانسرز کو بھی متنبہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی غیر منظور شدہ و غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کی مارکیٹنگ فوری طور پر بند کر دیں اور قانون کے مطابق سکیم کا این او سی منظوری حاصل کرنے کے لیے آرڈی اے سے رابطہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ کی ہدایت پر عوام الناس کو اپنے مفاد میں مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر مجاز ہاؤسنگ سکیموں میں کسی قسم کی سرمایہ کاری سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ عوام الناس کو یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری کرنے سے پہلے آر ڈی اے سے چیک کریں۔ اسے آرڈی اے کی ویب سائٹ www.rda.gop.pk پر بھی چیک کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان اور اسپانسرز اشتہارات کے ذریعے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ آر ڈی اے نے سائبر کرائم ونگ، ایف آئی اے سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے غیر قانونی اور گمراہ کن اشتہارات کے خلاف قانونی کارروائی کریں تاکہ عوام کو ان کے گھپلوں میں مبتلا ہونے سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ مذکورہ بالا جرائم غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم کے مالکان کی طرف سے کیے گئے ہیں اور پنجاب ڈویلپمنٹ اتھارٹیز پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیم رولز 2021 کے قاعدہ 37 کے تحت بھی قابل ذکر ہیں۔ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں