راولپنڈی،عدالت نے 9 افراد کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزائیں سنا دیں

منگل 30 اپریل 2024 22:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2024ء) راولپنڈی کی مقامی عدالت نے 9 افراد کے قتل میں ملوث 5 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزائیں سنا دیں، ملزمان کو پانچ ، پانچ بار سزائے موت، پانچ مرتبہ عمر قید اور پانچ ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں، ملزمان نے چونترہ کے علاقہ میال میں سابقہ دشمنی کی بنا پر جولائی 2020 میں فائرنگ کر کے خواتین اور معصوم بچوں سمیت 9 افراد کو قتل کر دیا تھا، واقعہ کا مقدمہ نذر عباس کی مدعیت میں تھانہ چونترہ میں درج کیا گیا تھا، معزز عدالت نے رب نواز، دانش نواز، محمد اشرف اور محمد عاقب کو پانچ ، پانچ مرتبہ سزائے موت اور پانچ ، پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ ملزم اکرام نواز کو 5 مرتبہ عمر قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کے سزا سنائی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن زنیرہ اظفر کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا اور مقدمہ کی موثر پیروی کی جس کے پیش نظر عدالت نے ملزمان کو قرار واقعی سزائیں سنائیں، سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کو سزائیں ملنا حق اور انصاف کی فتح ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں