سانحہ9 مئی کے واقعہ میں ملوث کرداروں کو سخت سزائیں سنائی جائیں، لواحقین شہداء

جمعرات 9 مئی 2024 22:17

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2024ء) شہداء کے لواحقین نے سانحہ 9 مئی کو ایک سال پورا ہونے پر واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ سانحہ 9 مئی کے دلخراش واقعے پر شہداء کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی اور انکے زخم آج بھی تازہ ہیں، گزشتہ سال 9 مئی کو جو المناک واقعہ ہوا وہ کسی کو بھولا نہیں اور اٴْس پر پورا پاکستان افسردہ ہے، لیفٹینٹ کرنل افتخار احمد شہید کی والدہ نے کہا کہ 9 مئی کو شہداء کی جو تذلیل کی گئی وہ ہمارے دلوں کو ہر وقت دکھاتی ہے،یہ چند عناصر آج بھی ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، میں حکومت پاکستان سے اپیل کرتی ہوں کہ ان شرپسند عناصر کو ایسی سزا دی جائے کہ ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں، میجر جہانزیب عدنان شہیدکی والدہ نے کہا کہ ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے جو اپنی جان خطرے میں ڈال کر ملک کی حفاظت کر رہے ہیں، ہمیں ان افراد کے ساتھ سختی سے پیش آنا چاہیے جنہوں نے ان شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، میجر یاسر شہید کی بیوہ نے کہا کہ ہمارے شہداء نے اپنی جانیں سرزمین پاکستان کے دفاع میں قربان کی جو شہداء کا ہم پر احسان ہے،جو قومیں اپنے محسنوں کی قدر نہیں کرتی وہ تاریخ کے صفحات سے مٹ جاتی ہے، کیپٹن صغیر عباس شہید کے والد نے کہا کہ جن شرپسندوں نے شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اٴْن کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے،گزشتہ سال جس طرح شہداء کی یادگاروں کی تذلیل کی گئی وہ انتہائی قابل مذمت ہے، نائب صوبیدار صنوبر علی شہیدکے بیٹے یاسین نے کہا کہ کیا ہمارے شہداء نے یہ قربانیاں اس لیے دی تھیں کہ ان کی تذلیل اور بے حرمتی کی جائے۔

(جاری ہے)

سپاہی یاسین شہید کی بیٹی نے کہا کہ میں شہید کی بیٹی ہونے کے ناطے حکومت سے اپیل کرتی ہوں کہ نو مئی میں ملوث افراد کو جلد سے جلد سزا دی جائے،ہمارا فرض ہے کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھیں اور جنہوں نے ان کی تصویروں کو جلایا ان کو نشان عبرت بنائیں،حوالدار نظر حسین شہیدکے بیٹے نے کہا کہ شہداء کی عزت کرنا ہم پر فرض ہے اور ہم ان کی تصویروں کی بے حرمتی برداشت نہیں کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں