وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام نہایت حوصلہ افزاء نتائج دے رہا ہے‘ایگزیکٹو ڈائریکٹر نیوٹیک

جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تعلیم حاصل کرکے ہمارے نوجوان اپنے خاندانوں کی کفالت کا بیڑا اٹھا سکتے ہیں

بدھ 1 مارچ 2017 16:17

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2017ء) موٹر وے پولیس کے سابق آئی جی اور نیوٹیک کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ ملک کی کم و بیش 20فیصد آبادی میں آدھے سے زیادہ ایسے نوجوان ہیں جنہیں روزگار کی فراہمی ہمارے لئے ایک چیلنج ہے اور اس چیلنج پر پورا اترنے کیلئے دیگر اقدامات کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام نہایت حوصلہ افزاء نتائج دے رہا ہے ․ جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تعلیم حاصل کرکے ہمارے نوجوان نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کا بیڑا اٹھا سکتے ہیں بلکہ وہ قوم اور ملک کی خدمت بھی انجام دے سکتے ہیں- انہوں نے ان خیالات کا اظہار انجمن فیض الاسلام فیض آباد مرکز میں فیض الاسلام ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے طلبہ کو مختلف فنی علوم کی اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ طلبہ نے فنی تعلیم کے کورسز کا امتحان نیشنل ٹریننگ بیورو سے پاس کیا ․ اس موقع پر انجمن کے صدر محمد صدیق اکبر میاں ، نائب صدر انجنئیر عبدالرزاق ، ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل ، انجمن کے فنانس سیکریٹری راجا صابر حسین ، پروفیسر نیاز عرفان ، میڈم اظہار فاطمہ ، فیض الاسلام ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل غلام جیلانی ، ایف آئی ٹی مندرہ کے پرنسپل ، انجمن کے تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی ․ ذوالفقار علی چیمہ نے کہا کہ وہ ان اداروں میں نہیں جاتے جہاں نیوٹیک کے کورسز نہیں کروائے جاتے مگر جب انجمن فیض الاسلام کا نام آیا تو اس اصول کے باوجود میں انکار نہیں کر سکا ․یہ ہمارے ملک کا ایک معتبر اور قابل اعتماد ادارہ ہیں جہاں یتیم اور لاوارث بچوں کی پرورش اور تعلیم و تربیت اعلی معیار کے ساتھ بغیر کسی لالچ اور ستائش کے کی جاتی ہے ․ انہو ںنے کہا کہ حکومت کے پاس اپنے تمام نوجوانوں کیلئے سرکاری نوکریاں نہیں ہیں اور بے روزگار نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد کو با روزگار بنانے کیلئے موجودہ حکومت نے بہت سارے کام کئے ہیں ․ نوجوان فنی تعلیم حاصل کرکے انتہائی باعزت روزگار حاصل کر سکتے ہیں اور وہ بیرون ممالک بھی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر مندی حاصل کرکے محرومیوں سے باہر نکلنے کی سبیل کر سکتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ نیوٹیک نہ صرف مفت فنی تعلیم کو فروغ دینے میں مصروف عمل ہے بلکہ اپنے طلبہ کو ماہانہ وظیفہ بھی دے کر ان کی مالی ضروریات میں معاونت کرتا ہے ․ انہوں نے اعلان کیا کہ نیوٹیک اگلے سیشن میں انجمن فیض الاسلام کے فنی تعلیمی اداروں کو بھی کورسز دے گا جہاں نوجوانوں کو جدید ترین فنی کورسز کروائے جائیں گے ․ انہوں نے کہا کہ جس طرح انجمن فیض الاسلام میں بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی شخصیت اور کردار سازی پر توجہ دی جاتی ہے وہ ہمارے تمام تعلیمی اداروں کے لئے قابل تقلید ہے ․ ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا کہ یتیم ہونا کوئی قصور یا جرم نہیں ․ ہمارے پیارے نبی کریم ﷺ بھی یتیم تھے ․ انہوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی مدد اور کفالت ایک بہت بڑی نیکی اور سعادت ہے اور جس نے یہ نیکیاں سمیٹنی ہوں وہ انجمن فیض الاسلام کے ساتھ دست تعاون دراز کرے ․ اس موقع پر انجمن فیض الاسلام کے صدر محمد صدیق اکبر میاں نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں انجمن کی تاریخ پر مختصر انداز میں روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ انجمن ایک فلاحی اور رفاعی ادارہ ہے جو صرف یتیم بچوں کی پرورش ، تعلیم و تربیت اور شخصیت و کردار سازی کر رہا ہے بلکہ معاشرتی اصلاح اور قومی یک جہتی و وحدت کیلئے بھی کام کر رہا ہے ․ ہمارے ادارے کے چھ فلاحی مراکز ہیں جن میں موجود تعلیمی اور فنی تعلیمی اداروں میں انجمن میں داخل یتیم بچوں کے علاوہ باہر کے بچے بھی تعلیم اور ہنر حاصل کرتے ہیں ․ یہاں بچوں اور عام لوگوں کو ہسپتال ، ہنر کدہ ، مساجد اور لائیبریری کی سہولیات بھی دستیاب ہیں ․ ایف ٹی ٹی آئی کے پرنسپل انجنئیر محمد اکمل نے ادارے کے قیام اور اس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے طلبہ کو بہتر سے بہتر سہولیات کے ساتھ فنی تعلیم سے لیس کرنے میں مصروف ہیں ․ سنئیر نائب صدر انجمن انجنئیر عبدالرزاق نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ․ بعد ازاں ذوالفقار احمد چیمہ نے محمد صدیق اکبر میاں اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ مل کر کورسز پاس کرنے والے طلبہ کو اسناد دیں -

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں