پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک میں تین روزہ ثقافتی میلہ اختتام پذیر

بدھ 10 مئی 2023 18:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مئی2023ء) پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اٹک میں جاری تین روزہ ثقافتی میلہ اختتام پذیر ہوگیا۔میلے کے آخری روز شام غزل کا انقعاد کیا گیا، ارشد راہی اور راشد راہی نے مہدی حسن اور غلام کی مشہور و معروف غزلیں سنا کر حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر آرٹس کونسل نے اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ثقافت کی وسعتیں لا محدود ہیں، جو قومیں اپنی ثقافت کے ساتھ جڑی رہتی ہیں وہی دنیا میں ترقی کر تی ہیں،ثقافت کا مقصد جہاں ماضی کو حال سے جوڑ کر اپنی شناخت کا ادراک حاصل کرنا ہے، وہاں اس کا مقصد بہترین معاشرے کی تشکیل بھی ہے۔

پروفیسر ماجد وحید بھٹی کا کہنا تھا کہ علاقائی ثقافت اور روایات کی ترویج کے لیے میلوں کا انقعاد ضروری ہے، علاقائی ثقافت کا فروغ اتحاد و یکجہتی کا ضامن ہے۔آرٹ اینڈ کلچر کسی بھی ملک کا نمایاں رکن ہوتا ہے جو اس ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس ملک کا اہم ترین ورثہ بھی ہیں، ثقافت کسی ملک کا وہ نمایاں پہلو ہے جو اس کو دوسروں سے مختلف بناتا ہے۔میلے کے آخری روز سول سوسائٹی اور طلباو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں