راولپنڈی میں 15 گھنٹے سے بارش جاری، رین ایمرجنسی نافذ ،واسا ہائی الرٹ

جمعرات 17 جولائی 2025 11:21

راولپنڈی  میں 15 گھنٹے سے بارش جاری، رین ایمرجنسی نافذ   ،واسا  ہائی الرٹ
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) جڑواں شہروں میں گزشتہ 15 گھنٹوں سے موسلا دھار بارش جاری ہے۔ترجمان واسا کے مطابق محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں مجموعی طور 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔ بارش کی موجودہ صورتحال پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے کہا ہے کہ واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے۔

رین ایمرجنسی نافذ اورعملہ و ہیوی مشینری نشیبی علاقوں میں تعینات ہے۔جبکہ نالہ لئی میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

کٹاریاں کے مقام پر 20 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر پانی کا بہاو 19 فٹ ہے۔ ایم ڈی واسا نے کہا کہ نشیبی علاقوں کے مکینوں سے اپیل ہے کہ گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ جبکہ شہریوں سے اپیل ہے کہ نالہ لئی اور نالوں کے قریب نہ جائیں۔

ایم ڈی واسا نے مزید کہا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کیلئے اضافی ہیوی مشینری لگائی گئی ہے۔ ترجمان واسا کے مطابق وزیر برائے ہاوسنگ بلال یاسین اور سیکرٹری ہائوسنگ نورالامین مینگل کا ایم ڈی واسا سے مسلسل رابطے میں ہیں نکاسی آب وریسکیو کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔جبکہ ایم ڈی واسا نکاسی آب آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں