ساہیوال، 40ہزار والے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی بند اور رجسٹریشن کی خبروں پر تاجروں سمیت مختلف شخصیات پریشان

منگل 25 جون 2019 18:14

ساہیوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) 40ہزار روپے والے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی بند اور رجسٹریشن کی خبروں پر تاجروں سمیت مختلف شخصیات پریشان ‘بانڈز کی خریدو فروخت بند ہونے سے شہری پریشان ‘بڑے بڑے تاجر کم قیمت پر بھی فروخت کرنے کیلئے تیار ‘ کروڑوں روپے کے پرائز بانڈز بنکوں کے لاکرز میں رکھنے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی طرف سے 40ہزارروپے والے انعامی بانڈز پر پابندی اور رجسٹریشن کی خبروں کے بعد بڑے بڑے تاجر پریشان ہوکر رہ گئے ہیں۔

مختلف شخصیات، جنہوں نے اربوں روپے کے 40 ہزار روپے کے انعامی بانڈز بنکوں کے بڑے لاکرز اور اپنے گھروں میں رکھے ہوئے ہیں، نے پریشانی کے عالم میں پرائز بانڈز ڈیلرز سے رابطے کرلئے ہیں اور مذکورہ انعامی بانڈز کم قیمت پر فروخت کرنے کے لئے تیار ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مذکورہ بانڈز کی خریدوفروخت ختم ہوکر رہ گئی ہے جبکہ پرائز بانڈز ڈیلرز نے بھی مذکورہ بانڈز لینے بند کردیئے ہیں جس کے باعث اربوں روپے کے پرائز بانڈزرکھنے والے افراد پریشانی کے عالم میں پھر رہے ہیں ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بعض تاجروں نے بنکوں میں کروڑوں روپے کے پرائز بانڈز رکھے ہو ئے ہیں جو مہنگے داموں شہریوںکو فروخت کرتے تھے اب کم قیمت پر دینے کے لئے تیار ہیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ ایف بی آر نے 30جون تک ایمنسٹی سکیم کے تحت اپنے تمام اثاثے ڈیکلیئرڈ اور31مارچ 2020 تک پرائز بانڈز کی رجسٹریشن کرانے کاحکم دیا ہے جس کے بعد تاجر اپنے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کے سلسلہ میں صلاح مشورے کررہے ہیں تاہم ان کا اثاثے ڈیکلیئر کرنے اور پرائز بانڈز رجسٹریشن کرانے کی ہمت نہیں ہورہی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بانڈز رکھنے والے حامل افراد اورکاروباری شخصیات نے 15ہزار اور 25 ہزار روپے والے انعامی بانڈز تیزی سے فروخت کرناشروع کردیئے ہیں تاہم اس کی فروخت میں انہیں مشکلات کاسامنا کرناپڑرہاہے۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں