امریکی قونصل جنرل کو لین کرینویلگی کا سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ

منگل 25 جون 2019 18:14

سرگودھا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) امریکی قونصل جنرل کو لین کرینویلگی نے سرگودھا یونیورسٹی کا دورہ کیا اور لنکن کارنر سرگودھا کی جانب سے بچوں کیلئے لگائے گئے سمر کیمپ میں شرکت کی۔ سمر کیمپ میں50سے زائد بچے شریک ہوئے جہاں بچوں کی ابلاغی و سماجی مہارتوں اور تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارنے پر توجہ دی گئی۔ طلبہ کی ذہنی صلاحیتوں کی نشوونماکیلئے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی سے متعلق مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جنہیں دیکھ کر قونصل جنرل کو لین کرینویلگی نے پسندیدگی کا اظہار کیا،قونصل جنرل نے بچوں سے انفرادی طور پر بات چیت کی ، ان سے سمر کیمپ سے متعلق سوالات کیے اور مستقبل کے حوالے سے بچوں کے عزائم کے بارے میں جانا۔

قونصل جنرل کو لین کرینویلگی اور یو ایس قونصلیٹ کے پبلک افیئرز آفیسر مائیکل گینن نے انگلش ایکسس مائیکر و سکالرشپ پروگرام کے زیر اہتمام ’’ لیڈر شپ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ میں بھی شرکت کی جس سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل کو لین کرینویلگی نے کہا کہ لیڈرشپ نظریات کو حقیقت میں ڈھالنے کی اہلیت کا نام ہے، نوجوان قائدانہ صلاحیتوںکا حامل اور صلاحیت رکھتے ہیں کہ اپنی سوچ اور مہارتوں سے ملک و قوم کا مستقبل تابناک بنا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے طلبہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے ا عتماد، جوش، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں نے بہت متاثر کیا ہے۔انہوں نے انگلش ایکسس مائیکرو سکالرشپ پروگرام کا حصہ بننے والی120طلبہ سے سوالات بھی کیے اور طلبہ کے تجربات ومشاہدات کے بارے میں جانا۔ مائیکل گینن نے طلبہ کو قائدانہ صلاحیتوں پر لیکچر دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو چاہیے کہ وہ قائد اعظم محمد علی جناح کو رول ماڈل مانتے ہوئے ان کے اوصاف کو اپنائیں، ٹیم ورک، محنت، لگن اور استقامت کو شعار بنائیں۔

پراجیکٹ مینجر لنکن کارنر نمرہ ضیاء نے کہا کہ سمر کیمپ کو ترتیب دیتے وقت اس چیز کو مدِ نظر رکھا گیا کہ مختصر وقت میں طلبہ کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا زیادہ سے زیادہ موقع ملے نیز طلبہ اپنے پسند یدہ شعبہ سے متعلق کام کر سکیں، انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ میں شریک طلبہ کا نہ صرف اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ انہوں نے یہ بھی سیکھا کہ کس طرح وہ مل جل کر کام کر سکتے ہیں۔ بچوں میں کچھ کر دکھانے کی تحریک پیدا ہوئی جو ایک مثبت امر ہے۔ قبل ازیں امریکی قونصل جنرل کو لین کرینویلگی نے وائس چانسلر ڈاکٹر اشتیاق احمد سے بھی ملاقات کی جہاں یونیورسٹی میں جاری تعلیمی و تحقیقی کام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں