ماحولیاتی آلودگی میں کمی، زمین کی حفاظت اور صاف ستھری زندگی کے لیے ہر انسان کو ایک پودا ضرور لگانا چاہیئے،محمد اجمل بھٹی

پیر 22 اپریل 2024 18:02

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2024ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور زمین کی حفاظت سے ہی ہمارے بچے بہتر ماحول میں سانس لے سکیں گے لہٰذا بہتر اور صاف ستھری زندگی کے لیے ہر انسان کو ایک پودا ضرور لگانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سرگودہا کے علامہ اقبال کیمپس میں عالمی یوم ِارض کے موقع پر پودے لگانے کی تقریب میں کیا۔

ڈپٹی کمشنرکیپٹن(ر) شعیب علی، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر یسین، کنزرویٹر جنگلات، اے ڈی سی آر، ڈی ایف او اور اے ڈی ماحولیات کے علاؤہ یونیورسٹی کا تدریسی وغیر تدریسی سٹاف بھی موجود تھا۔ کمشنر نے کہا کہ ارتھ ڈے منانے کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں تعلیم اور آگاہی دینا ہے تاکہ شہریوں میں زمین اور ماحول کے تحفظ بارے شعور پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درختوں کی کمی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل بڑھتے جا رہے ہیں اس لیے طلبہ نے خود درخت لگا کر دوسروں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ آنے والے دور میں پاکستان کوماحولیاتی آلودگی سے پاک خطہ دیکھنا چاہتے ہیں اور بہتر ماحول کی دستیابی ہر شہری کا حق ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ تمام شہریوں کو گرین پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔

ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)شعیب علی نے کہا کہ اس دھرتی کو محفوظ اور سرسبز بنانے کے لیے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ آنے والے نسلوں کو بہتر سے بہتر ماحول دستیاب ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہمیں چاہئے کہ شہروں کو صاف ستھرا رکھیں، توانائی کی بچت کریں، روزمرہ کی زندگی میں پلاسٹک شاپرز کا استعمال ترک کر کے ری سائکلنگ کا عمل اپنائیں، پانی کا ضیاع روکیں، گاڑیوں اور فیکٹریوں سے پیداہونے والی آلودگی کو کم کریں اس کے علاوہ گھروں،دفاتر،دوکانوں اورفیکٹریوں کی تمام فالتو/غیرضروری بتیاں اور بر قی آلات بند رکھ کر،شیونگ،ٹوتھ برش یا وضو کر نے کے دوران پانی کا نل کھلا نہ چھوڑیں، برتن و کپڑے دھونے یا نہانے کے دوران پا نی کا ضیاع روکیں، روزمرہ سودا سلف کی خریداری کیلئے ہمیشہ کپڑے کا تھیلا استعمال کر یں اور کوڑا کر کٹ گلی، سڑک یا راستے میں نہ پھینکیں۔

ان کا کہنا تھاکہ ہر شخص ماحول کو آلودہ ہونے سے بچانے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ پرو وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ کہ ہر سال 22 اپریل کو دنیا بھر میں یوم ارض منایا جاتا ہے۔ زمین میں بقاء اور ارتقاء کا عمل کروڑوں سال سے جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔ تاہم انسانی سرگرمیوں کے باعث زمین کا قدرتی توازن کافی حد تک بگڑ چکا ہے جس سے پودوں اور جانوروں کو بقاء کا خطرہ لاحق ہے۔

جیسا کہ 600کروڑ سال پہلے ڈائنوسار صفحہ ہستی سے مٹ گئے تھے۔ اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں، جنگلات کے کٹاؤ، جانوروں کے رہائشی ٹھکانوں میں کمی، ماحول دوست زراعت میں کمی، آلودگی اور اس طرح کے کئی مضر اثرات کا کر? ارض کو سامنا ہے۔ تاہم اس حوالے سے آگاہی اور شعور بیدار کر کے اس خطرے کی رفتار کم کی جا سکتی ہے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں