تاجروں کو بے جا تنگ کرنیوالے افسران کیخلاف کریک ڈائون جاری ہے ،ڈاکٹرفیاض احمدرانجھا

ہفتہ 27 اپریل 2024 13:02

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) ممبر ایڈوائزری کمیٹی وفاقی ٹیکس محتسب ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے کہاہے کہ تاجروں کو بے جا تنگ کرنے والے افسران کے خلاف کریک ڈان جاری ہے اور جرم ثابت ہونے پر ٹیکس اداروں کی15مختلف افسران کو سزائیں سنائی گئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ممبر ایڈوائزی کمیٹی وفاقی محتسب ڈاکٹر فیاض احمد رانجھا نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ بلیک میل کرنے والے ٹیکس اداروں کے افسران کی نشان دہی کریں انہیں شفاف تحقیقات کے بعد ایف ٹی او ایکٹ کی شق 2 کے تحت چھ ماہ تک سزا دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے ایوان ِصنعت و تجارت میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ٹیکس نظام میں آئیں اور اپنے ذمہ کا ٹیکس بروقت ادا کریں۔وفاقی ٹیکس محتسب کے قیام کا مقصد لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ادارہ بڑی کامیابی سے درخواست گزاروں کے مسائل حل کر کے ان کیلئے آسانیاں پیدا کر رہا ہے۔جس کے لئے درخواست گزار صرف سادہ کاغذ یا ہماری ایس ایم ایس سروس پر اپنی شکایت درج کروائیں۔

ہم شکایت کنندہ کا ہرطرح سے تحفظ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پرائیویٹ سیکٹر کو پروموٹ،انڈسٹری کو تحفظ اور سرمایہ کاری کے عمل کو بڑھانے کیلئے وفاقی ٹیکس محتسب اہم کردار ادا کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے اداروں میں پائی جانے والی قانونی پیچیدگیوں،بد انتظامی کو ختم اور ٹیکس کی ادائیگی کے عمل کو شفاف بنایا جارہاہے۔

انہوں نے بتایا کہ از خود نوٹس کا اختیار استعمال کرتے ہوئے سینکڑوں زیر التوا کیسز کو نمٹایا اور بیرون ملک پاکستانیوں کی شکایات کا فوری ازالہ کر کے وطن کی محبت میں اضافہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے ملک کے تمام افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل ہونے کی ضرورت ہے اسی صورت میں ہم پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں