عام آدمی کی دہلیز پرانصاف کی جلد فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے، پراسیکوٹر جنرل سید فرہاد علی شاہ

جمعہ 17 مئی 2024 22:56

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) پراسیکوٹر جنرل پنجاب سید فرہاد علی شاہ نے کہا ہے کہ عدلیہ، پولیس، پراسیکیوشن،بار اور میڈیا کے درمیان روابط بہتربنا کر انصاف کی جلد اور عام آدمی کی دہلیز پر فراہمی حکومت پنجاب کی اہم ترجیح ہے، اس سلسلے میں تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ٹھوس اور نتیجہ خیز اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں جن کا بنیادی مقصد انصاف کی بلاتاخیر فراہمی کو یقینی بنانا ہے، سرگودھا میں پراسیکیوشن سہولت سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جہاں پر ایف آئی آر کی کاپی کے حصول سے لیکر پراسیکیوشن کے دیگر مراحل کے حوالے سے مکمل رہنمائی اور سہولت بالکل مفت فراہم کی جائے گی اور اس طرح ٹرائل پراسیکیوشن کے وزن پر عملدرآمد ہوگا اور سنٹر کے قیام سے پراسیکیوشن میں بھی بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

اس امر کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اکمل خان اور ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوشن دفتر سرگودھا اور پراسیکیوشن سہولت سنٹر کے افتتاح کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ پراسیکیوٹر ملک احسان اللہ ٹوانہ اور عہدیداران و ممبران بار موجود تھے۔ پراسیکوٹر جنرل نے کہا کہ سہولت سنٹر میں عوام کی راہنمائی و فلاح کے لیے صبح 9 سے شام 4 بجے تک سٹاف موجود ہوگا، جہاں ایف آئی آر، پی ایم آر، ایم ایل سی کے بیان کی کاپیاں فراہم کرنا، دوران سکروٹنی ابتدائی چارج کو شامل کرنے، حذف کرنے یا اس میں ترمیم کرنے کے لیے مناسب سمت کا اجراء، ناقص تفتیش کی صورت میں مناسب ہدایات کا اجراء اور پراسیکیوشن افسران کے خلاف شکایات کا موقع پر ہی ازالہ سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔

ان کا مزید بتانا تھا کہ پنجاب میں آج 15 ویں سہولت سنٹر کا افتتاح کیا گیا ہے، صوبہ بھر میں اس وقت 1500 پراسیکوٹرز کام کررہے ہیں جبکہ فریش لاء گریجوایٹ کے لیے انٹر نشپ پروگرام بھی شروع کیا جارہا ہے۔ ڈی پی او ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے کہا سہولت سنٹر کا قیام حکومت کا احسن اقدام ہے جس سے اب تفتیش کا عمل تیز ہوگا اور عوام کو فوری انصاف کی فراہمی میں بھی مدد ملے گی۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں