کمشنر سرگودھا ڈویژن جہانزیب اعوان کا میانوالی شہر کا دورہ، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا معائنہ کیا

بدھ 30 اپریل 2025 18:18

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) کمشنر سرگودھا ڈویژن، جہانزیب اعوان نے میانوالی شہر کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے اپنے دورے کا آغاز ڈپٹی کمشنر خالد جاوید گورائیہ کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے معائنہ سے کیا ۔ انہوں نے میڈیکل،سرجیکل وارڈز سمیت جملہ شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا، ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی ۔

مسائل دریافت کیےاور صحت عامہ کی فراہم کردہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہسپتال کے مختلف وارڈ کے تعمیر و مرمت کے کاموں سے متعلق بریفنگ لی۔ ایکسین بلڈنگز نے کمشنر کو ہسپتال کی تعمیراتی کاموں سے متعلق بریفنگ میں بتایا کہ ری ویمپنگ کا 50 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی ماندہ تعمیراتی کام جون تک مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر سرگودھا کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ کی بہترین کیلئے اربوں روپے کی خطیر رقم خرچ کررہی ہے جس کے ثمرات عام آدمی تک پہنچنے چاہیے۔

انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق ہسپتال میں آنے والے مریضوں کو علاج کی بہترین سہولیات اور مفت ادویات کی دستیابی کو بلاتعطل یقینی بنایا جائے۔ کمشنر جہانزیب اعوان نے بلڈنگز افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے تعمیر و مرمت کے کاموں کو جلد از جلد مکمل کروائیں، تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر کسی قسم کا کمپرومائز نہ کیا جائے۔

اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میانوالی سلمان قیوم شیخ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شعیب رضا خان ، ایکسین بلڈنگز اعظم غفور اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر امیر احمد خان بھی موجود تھے۔کمشنرنے جی پی او چوک پر زیر تعمیر تھل کینال کے پل کے تعمیراتی کاموں، گرین بیلٹس اور شجرکاری کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایکسیئن ہائی وے نے کمشنر کو پل کے تعمیراتی کاموں سے متعلق بریفنگ دی۔ بعدازاں کمشنر جہانزیب اعوان نے ڈی سی دفتر کے کمیٹی روم میں ستھرا پنجاب پروگرام کے سلسلہ میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں اجلاس کی صدارت کی اور ایس ڈبلیو ایم سی افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے کاموں میں مزید بہتری لائی جائے۔

سرگودھا میں شائع ہونے والی مزید خبریں