پاکستان سٹریٹ چائلڈ ٹیم کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا دورہ

جمعہ 18 اگست 2023 23:03

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2023ء) ناروے کپ 2023 ء میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی پاکستان سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ٹیم نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ۔ نائب صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس عامر مجید نے سٹریٹ چائلڈ ٹیم کا استقبال کیا اور اس سلسلہ میں سیالکوٹ چیمبر اور مسلم ہینڈ کے باہمی اشتراک سے سٹریٹ چائلڈ ٹیم کی حوصلہ افزائی کے لیے تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر نے ٹیم کے تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد پیش کی اور مسلم ہینڈز ، ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔کنٹری ڈائریکٹر مسلم ہینڈز ضیاء النور نے کہا کہ مسلم ہینڈز کے زیر اہتمام سپورٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پروگرام کی مد د سے سٹریٹ چائلڈ کھلاڑی تیار کیے جاتے ہیں ، یوتھ لارجسٹ فٹبال ٹورنامنٹ ناروے کپ 2023 ء میں 60 ٹیموں نے حصہ لیا جس میں ناروے اور افریقہ سمیت محتلف ممالک کی ٹیمیں بھی شامل تھیں، سڑیٹ چائلڈ ٹیم پاکستان نے ان تمام ٹیموں کو ہرا کر دوسری پوزیشن حاصل کی جو کہ لیے فخر اور اعزاز کی بات ہے۔

(جاری ہے)

کنٹری ڈائریکٹر مسلم ہینڈز ضیاء النور نے بتایا کہ 2014 ء سے آج تک پاکستان کے 30 سٹریٹ چائلڈ ہیرو مختلف انٹرنیشنل ڈیپارٹمنٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستا ن کے لیے یہ بہت بڑا اعزاز ہے کہ فیفا نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر پاکستان سٹریٹ چائلڈ کی تصویر لگا کر کمنٹس لکھے کہ پاکستان کی فٹبال رینکنگ بہت کم ہے لیکن سٹریٹ چائلڈ ٹاپ رینکنگ پر ہیں۔

چیئرمین ائیر سیال فضل جیلانی نے اس موقع پر تمام کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو مبارکباد پیش کی ۔ تقریب کے اختتام پر نائب صدر سیالکوٹ چیمبر عامر مجید، چیئرمین ایئر سیال فضل جیلانی اور خواجہ مسعود نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی طرف سے مسلم ہینڈز کو 20 لاکھ روپے کا چیک دیا اور کنٹری ڈائریکٹر مسلم ہینڈز کو شیلڈ پیش کی۔

سیالکوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں