قرآنی و دینی تعلیمات کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والی خاتون کی وزارت تعلیم میں تعیناتی تشویشناک عمل ہے،مولانا اسعد تھانوی

منگل 21 ستمبر 2021 21:00

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 ستمبر2021ء) قرآنی و دینی تعلیمات کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والی خاتون کی وزارت تعلیم میں تعیناتی تشویشناک عمل ہے ،فوری برطرف کیا جائے ،نامور مذہبی اسکالر مولانا اسعد تھانوی تفصیلات کے مطابق جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم و صدر نامور مذہبی اسکالر حضرت علامہ مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی نے ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم اور نصاب میں شامل دینی مواد کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والی خاتون ڈاکٹر عائشہ عبدالرزاق کی وزارت تعلیم میں ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طور پر تعیناتی کو تشویشناک قرار دیتے ہوئے انہیں فوری برطرف کرنے کا مطالبہ کیاہے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ مملکت خداداد میں سرعام ٹی وی چینلز پر ناظرہ قرآن کریم اور دیگر اسلامی تعلیمات کو ہدف تنقید بنانے والی خاتون ڈاکٹر عائشہ عبدالرزاق کی وزارت تعلیم میں مداخلت نسل نو کے ایمان اور مستقبل سے کہلواڑ کے مترادف ہے، جامعہ اشرفیہ سکھر کے مہتمم و صدر نامور مذہبی اسکالر حضرت علامہ مولانا ڈاکٹر محمد اسعد تھانوی نے مزید کہا کے پاکستان ابھی تک اتنا بانجھ نہیں ہوا کہ تعلیم جیسے اہم معاملات ایسے فکری یتیموں کے رحم وکرم پر چھوڑ دئیے جائیں ، وفاقی وزارت تعلیم میں حالیہ دنوں میں ایک خاتون ڈاکٹر عائشہ عبدالرزاق کو تکنیکی مشیر تعینات کیا گیا جن کی بعض نجی ٹی وی چینلز پر کی جانے والی گفتگو ریکارڈ پر موجود ہے جس میں وہ ناظرہ قرآن کریم اور دیگر دینی مواد کو نصاب میں شامل کرنے پر شدید تنقید کر رہی ہیں جو امت مسلمہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے ایسی دین بیزار خاتون کی وزارت تعلیم میں تعیناتی تشویشناک ہے اسلام کے نام پر معرض وجود میں آنے والی اسلامی ریاست کی نسل نو کا ایمان اور مستقبل ایسے عناصر کے رحم وکرم پر چھوڑا نہیں جاسکتا ،انہوں نے مزید کہا کہ دینی معاملات کے بارے میں ایسی غیر ذمہ دارانہ گفتگو کرنے والے عناصروں کو تعلیم جیسی اہم ترین وزارت سے ہر قیمت پر دور رکھا جانا چاہیے،انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان ،وزیر اعظم پاکستان ،وفاقی وزیر تعلیم سمیت دیگر بالا حکام سے ناظرہ قرآن کریم کی تعلیم اور نصاب میں شامل دینی مواد کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والی خاتون ڈاکٹر عائشہ عبدالرزاق کی وزارت تعلیم میں ٹیکنیکل ایڈوائزر کے طور پر تعیناتی کا نوٹس لیکر فوری برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں