پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے ذریعے عوام کی حکومت عوام کے لیے ہی ہے، سید مراد علی شاہ

منگل 7 مئی 2024 23:11

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر عمل پیرا ہوکر یونین کونسل سے لے کر ڈویژن سطح تک ہر کارکن تک اپنی رسائی یقینی بناتے ہوئے، ان کی تجاویز سے ایک جامع غریب دوست بجٹ اور ترقیاتی پروگرام مرتب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر اس اقدام کا مقصد تمام پارٹی کارکنان کی تجاویز کو یکجا کرکے تمام مقامی ایریاز کو یکساں بنیادوں پر ترقی دینا ہے۔

یہ بات وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی کارکنانِ سے اجلاس کے دوران کہی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، صوبائی وزرائ شرجیل میمن، ناصر شاہ، سعید غنی، جام خان شورو، حاجی علی حسن زرداری، اکرام دھاریجو، ایم این ایز خورشید شاہ، نفیسہ شاہ، نعمان شیخ، سکھر ڈویڑن کے صدر جاوید شاہ، سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ضلعی، تعلقہ صدور، بلدیاتی نمائندوں اور پارٹی کارکنان نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ سندھ حکومت ان کے قیمتی تجاویز کو سامنے رکھ کر چلائی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہاہم (وزیراعلیٰ سندھ اور کابینہ اراکین) آپ سے بات چیت کرنے یہاں آئے ہیں تاکہ آپ کے مسائل سن کر انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرسکیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنانِ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے مقامی علاقوں کے بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ضلعی اور ڈویڑنل صدور کے توسط سے اپنی تجاویز شیئرکریں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت عوام کے ذریعے عوام کی حکومت ،عوام کے لیے ہی ہے۔ انہوں نے کارکناں سے کہا کہ ہم مل کر غریبوں اور پسماندہ افراد کی زندگیوں کو بدلنے کے لیے کسی بھی امتیاز کے بغیر کام کریں گے۔پیپلزپارٹی انسان دوست جماعت ہے اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہی ہمارا نصب العین ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پارٹی کارکنان نے مختلف مسائل کی نشاندہی کی ہے جن میں پانی کی قلت، بلدیاتی اداروں کے مسائل، پینے کے پانی کی فراہمی (واٹر سپلائی ا سکیموں)، سیوریج سسٹم کی بہتری اور داخلی سڑکوں کی تعمیر سمیت مختلف مسائل پر بات کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر بلدیات بھی میرے ساتھ موجود ہیں اور آپ کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پیش کیے گئے تمام مسائل کو ذہن نشین کرلیا گیا ہے اور انہیں جلد حل کیا جائے گا۔ وزیر پی اینڈ ڈی ناصر شاہ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ پارٹی قیادت کی ہدایت پر اپنی کابینہ کے ہمراہ یہاں پہنچے ہیں تاکہ بجٹ سازی کے حوالے سے پارٹی کارکنان کی تجاویز کے پیش نظر مقامی ضرورتوں کے مطابق ترقیاتی کاموں کو ترجیح دی جائے اور عوام کو سہولت میسر آسکے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے ایک پروفارما تیار کیا گیا ہے جسے کارکن پٴْر کرکے اپنے ضلعی اور ڈویڑنل صدور کے ذریعے وزیر اعلیٰ سندھ کو پیش کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پروفارما کی تقسیم مقامی صدور کے ذریعے کارکنان تک منتقل کی جائیں گی۔پی پی پی ایم این اے خورشید شاہ نے وزیراعلیٰ سندھ پر زور دیا کہ وہ بیوروکریسی کو عوام کی خدمت کا پابند بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر مسائل کو مقامی سطح پر کوشش کرکے آسانی سے حل کیا جا سکتا ہے۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا کہ پارٹی کارکن پارٹی کا اثاثہ ہیں اور پارٹی قیادت ان کی قدر کرتی ہے۔اجلاس میں اٹھائے اہم مسائل: اس موقع پر ضلع گھوٹکی کے پارٹی کارکنان نے ضلع گھوٹکی کی آئل کمپنیوں اور قومی اور ملٹی نیشنل بزنس اداروں کے خلاف شکایت کی جو مقامی لوگوں کو ملازمتیں فراہم کرنے سے گریزاں ہیں اور کارپوریٹ سوشل ریس پاسنسیبلیٹی (سی ایس آر ) بجٹ کو گھوٹکی کے پسماندہ علاقوں پر خرچ نہیں کرتے۔

بلدیاتی منتخب نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ یونین کونسل کا بجٹ 500,000 روپے سے بڑھا کر 20 لاکھ روپے کیا جائے۔خیرپور، گھوٹکی اور سکھر کے مختلف اضلاع کے پارٹی کارکنوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی علاقوں کو شمسی توانائی سے پانی کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور داخلی سڑکوں کے حوالے سے اسکیمیں دی جائیں۔زیادہ تر پارٹی کارکنان نے بے روزگاری کا مسئلہ اٹھایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت کی جانب سے سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر عائد جاری حکم امتناعی کی وجہ سے ان کے نوجوان ملازمت کے مواقع حاصل کرنے سے محروم ہیں۔اجلاس کے آغاز میں شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو، بیگم نصرت بھٹو کے ایصال ثواب کے لیے دعا مانگی گئی۔اس موقع پر سکھر ڈویڑن کے صدر جاوید شاہ، جنرل سیکرٹری میرام خان، سٹی رہنما مشتاق سرہیو، ایم این اے شازیہ صوبیہ سومرو، مرتضیٰ گنگھرو اور دیگر نے خطاب کیا۔#

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں