سکھر ؛ جشن عید میلاد النبی ﷺ منانے کی تیاریاں مکمل

پیر 18 اکتوبر 2021 20:18

سکھر۔18اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی۔ 18 اکتوبر2021ء) :کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ سکھر، گھوٹکی اور خیرپور اضلاع میں عید میلا دالنبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم بھرپور جوش اور جذبے کے ساتھ منایا جاۓ گا اس سلسله میں انهوں نے متعلقہ افسران كو ہدایت کی ہے کہ تمام تر انتظامات کیے جائیں، اس مبارک مہینے میں صبر و تحمل کے ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو برقراررکھنا ہمارا فرض ہے کیونکہ کائنات کے  رحمت العالمین کا بھی یہی درس عظیم ہے ۔

سیرت مصطفی  صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر عمل درآمد سے ہی معاشرے کی بہتری مضمر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں 12 ربیع الاول کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں رینجرزکے  بریگیڈئیر ندیم، سکھر،گھوٹکی اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز، میونسپل کارپوریشن سکھر ایڈمنسٹریٹر، علماء کرام، انتظامی افسران اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے  شرکت کی۔

کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے علماء کرام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور ملت کو یکجا رکھنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے میونسپل کارپوریشن، میونسپل کمیٹیز کے افسران کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے تمام جلوسوں اور پروگراموں کے لیے پیشگی صفائی ستھرائی سمیت دیگر کاموں کو مکمل کریں۔

انہوں نے سیپکو چیف کو ہدایت کی کہ اس مبارک مہینے میں منعقدہ پروگراموں اور جلوسوں کے روٹس پر کاانٹی جنسی پلان کے مطابق لوڈ شیڈنگ سے اجتناب کریں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت دی کہ اسپتالوں اور ایمرجنسی وارڈوں میں ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنائیں جبکہ میڈیکل کیمپوں میں ایمبولینس اور ادویات سمیت دیگر امور کی نگرانی کریں۔

رینجرز کے بریگیڈیئر ندیم نے اجلاس میں علماء کرام سمیت دیگر انتظامی افسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ماہ مبارک میں منعقدہ جلوسوں اور دیگر پروگراموں میں ملکی حالات کے پیش نظر اتحاد بھائی چارے، یگانگت اور برداشت جیسے اصولوں پر عمل درآمد کرکے پر امن ماحول کو مزید مستحکم کرنے میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں تاکہ ایک امت ہونے کا عملی ثبوت نظر آئے۔ اجلاس میں سکھر، گھوٹکی اور خیرپور کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر انتظامی افسران نے تفصیل سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں