ٹوبہ ٹیک سنگھ،انتظامیہ نے نیاکرایہ نامہ جاری کردیا، 79پیسے فی کلومیٹرمقرر،عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

بدھ 4 فروری 2015 17:01

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04فروی 2015ء)پراونشل روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد فیصل آباد ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں ہر قسم کی ویگنوں ، بسوں ، نان ایئرکنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ 79پیسے فی مسافر فی کلومیٹر مقرر کردیا ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کئے جانے کو ناقابل برداشت اقدام قرار دیتے ہوئے تما م متعلقہ حکام کو فوری سخت ترین کاروائی کا حکم دے دیا ۔

فیصل آباد ڈویژن کے اکثر شہروں میں ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار جاری،مسافروں کا شدید احتجاج ۔ کرایوں میں کمی نہ کروانے پر سیکرٹری آر ٹی اے چنیوٹ کی طرح دیگر ذمہ دار حکام کو بھی فوری معطل کرنے کی اپیل کی ہے پراونشل روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں ہر قسم کی ویگنوں ، بسوں ، نان ایئرکنڈیشنڈ پبلک ٹرانسپورٹ کا کرایہ 79پیسے فی مسافر فی کلومیٹر مقرر کردیاہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی نہ کئے جانے کو ناقابل برداشت اقدام قرار دیتے ہوئے تما م متعلقہ حکام کو فوری سخت ترین کاروائی کا حکم دے دیا ہے تاہم فیصل آباد ڈویژن کے اکثر شہروں میں ٹرانسپورٹرز کی لوٹ مار جاری ہے جس پر مسافروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کرایوں میں کمی نہ کروانے پر سیکرٹری آر ٹی اے چنیوٹ کی طرح دیگر ذمہ دار حکام کو بھی فوری معطل کرنے کی اپیل کی ہے۔

(جاری ہے)

پراونشل روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ گزشتہ 6ماہ کے دوران پٹرول کی قیمت میں 37.68روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 28.71روپے کی کمی کی گئی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ یکم فروری سے اس کمی کے اطلاق کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ بشمول ہائی ایس ویگنوں ، مزدا ، کوسٹرز ، سوزوکی ویگنوں ، ہائی لکس ڈالوں ، ہر قسم کی نان ایئر کنڈیشنڈ گاڑیوں کے کرایواں میں بھی پٹرول گاڑیوں کیلئے 9.24فیصد اور ڈیزل گاڑیوں کیلئے 6.68 فیصدکمی کاحکم دیاگیاہے۔

انہوں نے بتایاکہ کرایوں میں کمی کے احکامات پر سختی سے عملدرآمد کروانے کیلئے تمام اضلاع کے ڈی سی اوز اور سیکرٹریزڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کو احکامات جاری کردیئے گئے ہیں۔ دریں اثناء ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ترجمان نے بتایاکہ فیصل آباد سے جھنگ ، جھنگ سے فیصل آباد 76کلومیٹر سفر کا نیا کرایہ 79پیسے فی کلومیٹر کے حساب سے 60.04روپے فی مسافر ، جھنگ سے ٹوبہ ٹیک سنگھ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ سے جھنگ تک 37کلومیٹر فاصلے کا کرایہ 29.23روپے فی مسافر ، جھنگ سے چنیوٹ ، چنیوٹ سے جھنگ 86کلومیٹر سفر کا کرایہ 67.94 روپے فی مسافر ، جھنگ سے اٹھارہ ہزاری ، اٹھارہ ہزار ی سے جھنگ کا 24کلومیٹر مسافت کاکرایہ 18.96روپے فی مسافر ، جھنگ سے احمدپورسیال ، احمد پور سیال سے جھنگ کا 76کلومیٹر سفر کا کرایہ 60.04 روپے ، جھنگ سے سرگودھا ، سرگودھا سے جھنگ کا 116کلومیٹرسفر کاکرایہ 91.64 روپے فی مسافر ، جھنگ سے منڈی شاہجیونہ، منڈی شاہجیونہ سے جھنگ کا48کلومیٹر سفر کا کرایہ 37.92 روپے فی مسافر ، جھنگ سے بھوآنہ ، بھوآنہ سے جھنگ کا 50کلومیٹر سفر کاکرایہ 39.5 روپے فی مسافر اور جھنگ سے گوجرہ ، گوجرہ سے جھنگ کا 35 کلومیٹر مسافت کاکرایہ 27.65روپے فی مسافر مقرر کیاگیاہے ۔

انہوں نے بتایاکہ اسی طرح دیگر تمام روٹس کے کرائے بھی سفر کے لحاظ سے 79پیسے فی کلومیٹر فی مسافر کے تناسب سے وصول کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر کسی جگہ زائد کرائے لینے کی شکایت ہو تو فوری طور پر ٹال فری نمبر 0800-02345یا متعلقہ ضلع کے کے ڈی سی او یا سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی سے رابطہ کیاجاسکتاہے۔انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اس ضمن میں زیرو ٹالرنس کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔

دوسری جانب مذکورہ سخت ترین احکامات کے باوجود فیصل آباد ، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ کے اضلاع میں بالخصوص جبکہ دیگر اضلاع میں بالعموم ٹرانسپورٹرز اور گاڑیوں کے مالکان کی جانب سے زائد کرایوں کی وصولی کاسلسلہ دھڑلے سے جاری ہے جس پر گزشتہ روز سیکرٹری ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی چنیوٹ کو معطل بھی کردیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں حکومت پنجاب کی جانب سے خبردار کیاگیاہے کہ اگر آئندہ کسی علاقہ سے اوور چارجنگ کی شکایت موصول ہوئی تو وہاں کے سیکرٹری آر ٹی اے سمیت دیگر حکام اس کے ذمہ دار ہوں گے جن کے ساتھ کوئی رعائت نہیں برتی جائے گی۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں