پاکستان میں 22 ملین لڑکے اورلڑکیاں رشتہ ازدواج سے منسلک نہیں ہیں، اقوام متحدہ

ہر خاندان اچھے رشتے کی تلاش میں ہے اورتقریباً پاکستان میں ہر گھرکا یہی ایک بڑا مسئلہ ہے،رپورٹ

ہفتہ 4 مئی 2024 16:23

پاکستان میں 22 ملین لڑکے اورلڑکیاں رشتہ ازدواج سے منسلک نہیں ہیں، اقوام متحدہ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2024ء) اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 22 ملین لڑکے اور لڑکیاں رشتہ ازدواج سے منسلک نہیں ہیں جس کی مختلف وجوہات بیان کی گئی ہیں۔ہر خاندان اچھے رشتے کی تلاش میں ہے اور تقریبا پاکستان میں ہر گھر کا یہی ایک بڑا مسئلہ ہے، مناسب رشتے نہ ہونے کی وجہ سے والدین اپنے بچوں کی شادیوں کے حوالے سے فکرمند ہیں۔

اس حوالے سے میچ میکر شازیہ رحمان نے کہا کہ اگر غور کیا جائے تو جو اعداد و شمار اقوام متحدہ نے بیان کیے ہیں تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ موجودہ دور میں لڑکیوں کے اپنے مطالبات بہت زیادہ ہوگئے ہیں کیونکہ زیادہ تر لڑکیاں اب نوکری کرتی ہیں یا گھر میں ہی کسی روزگار سے وابستہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اگر کسی لڑکی کو رشتہ بتایا جائے تو سوال کیا جاتا ہے کہ لڑکے کی ڈگری اور تنخواہ کیا ہے کہیں میرے جیسی یا اس سے کم تو نہیں تو بات یہی آکر ختم ہوجاتی ہے۔

شازیہ رحمان نے کہا کہ یہ مطالبات بے شک جائز ہیں لیکن شادیاں نہ ہونے کی بڑی وجہ بھی یہی ہے، ایسا نہیں ہے کہ پاکستان میں شادیاں نہپں ہورہیں بلکہ مسئلہ یہ ہے کہ لوگ اپنے مطالبات اور خواہشات کو بنیاد بنا کر خود شادیاں نہیں کررہے، یہی مسئلہ لڑکوں کے ساتھ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ ایسے ہی مطالبات لڑکوں کے بھی ہیں کہ لڑکی کم عمر ہو برسرروزگار بھی ہو تاکہ اس مہنگائی میں ان کا ہاتھ بٹا سکے تاہم لڑکے کے گھر والے چاہتے ہیں کہ لڑکی کو ان سب خصوصیات کے ساتھ گول روٹی بھی بنانا آتی ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں