جیلوں میں اسیروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے گرانقدر اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں ، سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹر کٹ جیل

بدھ 10 نومبر 2021 16:12

ٹوبہ ٹیک سنگھ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 نومبر2021ء) سپرنٹنڈ نٹ ڈسٹر کٹ جیل ملک آصف عظیم نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر آئی جی جیل خانہ جات پنجاب مرزا شاہد سلیم بیگ کی زیر نگرانی جیلوں میں اسیروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے گرانقدر اقدامات عمل میں لائے گئے ہیں اور جیلوں میں قیدیوں کو تفریح کے مواقع فراہم کر نے اور حالات حاضرہ سے باخبر رکھنے کیلئے بارکوں میں بڑے ایل ای ڈی ٹی ویز کی تنصیب بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے،ایک پریس بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ڈسٹر کٹ جیل میں قیدیوں کی بارکوں میں ایل ای ڈی ٹی ویز نصب کر کے کیبل کنکشن لگوا دیئے گئے ہیں،جن پر قیدی ان دنوں ٹی ٹوئنٹی کر کٹ ورلڈ کپ کے میچز  سے براہ راست لطف اندوز ہو رہے ہیں، انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کے ان کے اہل خانہ سے رابطہ کیلئے جیل میں ٹیل فون بوتھ فنگشنل کر دیئے گئے ہیں،جن سے قیدی جیل مینوئل کے مطابق اپنے اہل خانہ سے رابطہ میں رہتے ہیں،جیلوں کے اسیر وں کی طرف سے مذکورہ حکومتی اقدامات کو انتہائی خوش آئندہ اور انسان دوست قرار دیا جارہا ہے،کیونکہ نفرت جرم سے ہو تی ہے،انسان سے نہیں،اس لئے جیلوں سے رہائی کے بعد اسیروں کو معاشرہ کا مفید شہری بنانے کیلئے حالیہ حکومتی اصلاحات مدد گار ثابت ہو ں گی، انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق قیدیوں کو جیل منیوئل کے تحت سہو لیات کی فراہمی اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات میری ترجیحات ہیں، جبکہ جیل میں زیر حراست افراد کو قرآن پاک،نماز کی باقاعدگی کے ساتھ ادائیگی اور ان کی تعلیم و تربیت کے لئے جیل قوانین کے تحت عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے کھانے کے معیار پر کو ئی سمجھوتا نہیں کیا جاتا،اور کھانے کو باقاعدگی کے ساتھ چیک کیا جا تا ہے،اسی طرح مریض قیدیوں کے علاج معالجہ کی ابتدائی سہو لیات انہیں جیل میں ہی فراہم کی جا رہی ہیں،اس موقع پر ڈپٹی سپرنٹنڈ نٹ آصف مرتضی شاہ بھی موجود تھے۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں شائع ہونے والی مزید خبریں