Fashion Trends

Fashion Trends

فیشن ٹرینڈز2019ء

پیسٹل اور میرون کلرز چھاجائیں گے لانگ اور شارٹ لیتھ شرٹس کی مقبولیت بر قرار رہے گی

ہفتہ 12 جنوری 2019

 وقاراشرف
ہمارا لباس موسموں کی تبدیلی کے ساتھ اپنے رنگ بدلتا ہے ۔دنیا بھر کے فیشن کیلنڈر کے مطابق سال میں فیشن کے دو موسم ہوتے ہیں ،پاکستان میں بھی یہ دونوں موسم ہی ملبوسات کے انداز اور ٹرینڈز کا تعین کرتے ہیں ۔گرمیوں کا موسم چونکہ تقریباً 8ماہ تک چلتا ہے جس میں زیادہ تر سوتی کپڑوں کو ترجیح دی جاتی ہے اور باقی 4ماہ میں ریشمی ملبوس زیادہ پہنے جاتے ہیں ۔
موسم کے ساتھ ساتھ ہر بدلتے کیلنڈر کے ساتھ بھی فیشن کے مختلف انداز سامنے آتے ہیں ۔
جو سٹائل سال گزشتہ میں سب کا پسندیدہ تھا اس کی جگہ کوئی اور سٹائل لے لیتا ہے ۔یہی حال رنگوں کا ہے ،ہر سال کا ایک رنگ ہوتا ہے اور سارا سال اسی رنگ کا تھیم چلتا ہے ۔فیشن کو آج کے دور میں جنگل میں لگی آگ سے بھی تشبیہ دی جاتی ہے اور ہر شخص فیشن کی دوڑ میں ایک دوسرے سے آگے نکلنا چاہتا ہے ۔

(جاری ہے)


فیشن کو گرگٹ سے بھی تشبیہ دی جاتی ہے جو وقت کے ساتھ رنگ بدلتا ہے ،کبھی پیروں تک لمبی قمیض فیشن میں ہوتی ہے تو کبھی چھوٹی قمیض ،کبھی چوڑی دار پاجامہ تو کبھی پٹیالہ شلواریں فیشن میں ہوتی ہیں ،کبھی چوڑے پائنچوں والے فلیپر تو کبھی سگریٹ پینٹس غرض فیشن تو موسم سے بھی زیادہ تیزی سے تبدیل ہوتا ہے ۔
2019ء میں فیشن ٹرینڈز کیا ہوں گے ؟عروسی ،پریٹ ،لگژری پریٹ ،کیجوئل اور موسمی کو لیکشنز میں کون کون سے رنگ اور سٹائل اِن رہیں گے ؟کس قسم کا فیبرک زیادہ پسند کیا جائے گا؟یہ سب جاننے کے لئے ہم نے ملک کی نامور فیشن ڈیزائنر ارم خان سے خصوصی گفتگو کی ہے جس میں انہوں نے رواں سال کے فیشن ٹرینڈز اور ملبوساتی انڈسٹری کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کی ہے جو نذر قارئین ہے ۔

2019ء میں عروسی رجحانات کے حوالے سے ارم خان نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ شادی کادن ہر لڑکی کے لئے بہت ہی خاص ہوتا ہے اور وہ اپنے اس خاص دن کو اور بھی یاد گار بنانے کی فکر میں ہوتی ہے اس کے لئے اہتمام بھی سب سے خاص ہوتا ہے ،عروسی لباس کے ایک ایک تار میں عروسی چھب پیدا کی جاتی ہے ،اس سال برائیڈل ڈریسز میں لانگ ٹیلز کے ساتھ میرون اور پیسٹل کلرز زیادہ اِن ہوں گے۔
کافی عرصے سے عروسی ملبوسات میں ڈیزائنرز لگ بھگ ایک جیسے ہی ہلکے رنگ استعمال کررہے تھے لیکن میری کوشش ہوتی ہے کہ کچھ مختلف چیز دوں ۔اس وقت تھری ڈی فلاورز تکنیک کا بھی فیشن ہے ۔
اگر پریٹ اور لگژری پریٹ میں ٹرینڈز کی بات کریں تو اس میں لانگ لینتھ اور شارٹ لینتھ دونوں انداز ہی فیشن میں ہوں گے ۔ریپس ‘جیکٹس ‘پیپلم‘سٹریٹ شرٹ ‘کیپس اور میکسی سٹائل زیادہ پسند کئے جائیں گے ۔
رنگوں کی بات کریں تو ویسے تو ہر موسم میں ہر رنگ ہی ان رہتا ہے مگر یہ پہننے والے پر بھی منحصر ہوتا ہے کہ وہ کس طرح رنگوں کے ساتھ کھیلتا ہے ۔ویسے کوئی بھی قوس قزح کی طرح دکھائی نہیں دینا چاہتا،
اس کے علاوہ مارچ کے بعد موسم بھی بدل جائے گا ،اس گرم موسم میں زیادہ تر خواتین پیسٹل اور ہلکے رنگوں کو پسند کرتی ہیں کیونکہ یہ رنگ نہ صرف آنکھوں کو بھلے لگتے ہیں بلکہ موسم میں کسی حد تک ٹھنڈک کا احساس بھی دلاتے ہیں ۔

ارم خان نے فیبرک کے انتخاب کے حوالے سے بتایا کہ لباس وہی موزوں ہوتا ہے جو پہننے والے کو کمفرٹ کا احساس دلائے نہ کہ اسے کیری کرنا ہی مشکل ہو جائے۔میں فیبرک میں ہمیشہ معیار کو ترجیح دیتی ہوں ۔میں نے حال ہی میں دو کو لیکشنز پیش کی ہیں جن میں ایک فارمل اور دوسری برائیڈل ۔
برائیڈل کو لیکشن ٹی وی کی معروف اداکارہ ایمن خان کی شادی پر متعارف کروائی ۔
اس سے قبل میری برائیڈل کو لیکشن ”نوابزادی “کو بھی بہت پسند کیا گیا تھا۔
ارم خان نے بتایا کہ پاکستانی ڈیزائنرز نے پوری دُنیا میں اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو منوایا ہے جس کا نتیجہ یہ ہے کہ پاکستانی ملبوسات پوری دُنیا میں پسندکئے جاتے ہیں ،گوریاں بھی پاکستانی ملبوسات کی دیوانی ہیں ،ہم ڈیزائنرز اپنے کلائنٹس کی ضرورت اور کمفرٹ کو سامنے رکھ کر ہی کولیکشن متعارف کرواتے ہیں کیونکہ کلائنٹس کا اعتماد ہی ہمارے لئے باعث اطمینان ہوتا ہے ،میں اپنی محنت کے پیسے وصول کرتی ہوں ۔

ٹرینڈی لباس ‘نفیس ایمبر ائیڈ ری اور ایمبیلشمنٹ کی نئی نئی تکنیکس پسند کی جاتی ہیں ۔کلائنٹس کی قوت خرید کو بھی مد نظر رکھ کر لباس ڈیزائن کئے جاتے ہیں ۔
میری کوشش ہوتی ہے کہ ایسے ملبوسات ڈیزائن کروں جو صرف ریمپ پر پیش کرنے کیلئے نہ ہوں بلکہ حقیقی زندگی میں بھی پہنے جائیں ۔ذاتی طور پر مجھے ہلکے پُھلکے فیبر ک والے کپڑے پسند ہیں جن پر کم سے کم ایمبیلشمنٹ اور ایمبر ائیڈری کی گئی ہو۔

ایمبر ائیڈری ہر دور میں مقبول ٹرینڈ ثابت ہوتا ہے ،کسی دور میں ہاتھ کی کڑھائی تو کسی دور میں مشینی یعنی اس کی مجموعی شکل تو وہی رہتی ہے لیکن جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے اس میں کمی بیشی کرلی ہے ۔باہر کے ممالک میں اگر پاکستانی ملبوسات کی مانگ ہے تو اس کی ایک وجہ یہاں کی ایمبر ائیڈری ہے ،دیدہ زیب ایمبر ائیڈری عام ملبوسات کے علاوہ شادی بیاہ کے ملبوسات پر بھی خوبصورت لگتی ہے ۔

عروسی ملبوسات میں سرخ اور گلابی کے کئی شیڈز دستیاب ہیں ۔
گلابی کے شیڈز میں پیازی ،آتشی گلابی اور بے بی پنک پسند کیے جارہے ہیں ۔آئیوری ریڈ کلر کمبی نیشن ،لائٹ گولڈ شیڈز اور وائٹ بھی فیشن میں اِن ہیں جبکہ ولیمہ کیلئے گرے اور پیچ کا انتخاب کیا جارہا ہے ۔روایتی ملبوسات میں لہنگا ،لانگ فراک اور شرارے کے ساتھ لانگ شرٹس شامل ہوتی ہیں ۔برائیڈل ڈریسز پراسٹونز کا کام بھی پسند کیا جارہاہے
 ۔شیفون ،آرگینز ااور ٹشو پر فلورل ایمبر ائیڈری کا فیشن بھی ہے۔ کئی زمانوں تک بارات والے دن کے لیے روایتی سرخ اور ولیمے کے لیے سبزیا ہرارنگ مقبول تھا ۔لیکن آج کی دُلہن ہر تقریب میں منفرد اور بہتر نظر آنا چاہتی ہے جس کے لئے وہ بہترین کا ہی انتخاب کرتی ہے ۔

Browse More Articles of Fashion