Saqafat Ka Farogh

Saqafat Ka Farogh

ثقافت کا فروغ

پاکستان کی اصل ثقافت کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں

بدھ 17 اپریل 2019

 سیف اللہ سپرا
کسی بھی ملک یا قوم کی شناخت اس کی ثقافت سے ہی ہوتی ہے ۔پاکستان کی ثقافت کے بہت سے رنگ ہیں جنہیں نکھارنے کے لیے وطن عزیز کے ثقافتی ادارے سارا سال مختلف سر گرمیوں کا اہتمام کرتے رہتے ہیں ۔پاکستان کے چند بڑے ثقافتی اداروں میں ایک بڑا نام پنجاب آرٹس کونسل کا ہے جو پاکستان کی ثقافت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کررہا ہے ۔
اس ادارے کی سر براہی کی ذمہ داری آج کل پنجاب کی ایک قابل اور انتہائی محنتی آفیسر کے کندھوں پر ہے وہ اس انتہائی اہم فورم سے پاکستان کی ثقافت کے فروغ کے لیے کیا اقدامات کررہی ہیں یہ معلوم کرنے کے لیے ہم نے ان کے ساتھ تفصیلی گفتگو کی جس کے مختلف حصے قارئین کی دلچسپی کے لیے پیش کیے جارہے ہیں:
س:ثقافت کو آپ کس نظر سے دیکھتے ہیں؟
ج:کسی بھی خطے یا قوم کی اصل پہچان اُس کی ثقافت سے ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

ثقافت چونکہ روز مرہ رہستل کانام ہے اس میں انسانی معاشرے کی زبان ادب موسیقی ماحول پوشاک کھانا پینا سماجی رویے وغیرہ شامل ہوتے ہیں ۔اس وجہ سے کہا جاتا ہے کہ قوموں کی پہچان جہاں ان کی ثقافت سے ہوتی ہے ۔وہاں ثقافت ایک ایسا آلہ کے طور پر استعمال کی جاتی ہے جو پورے معاشرہ کو ایک لڑی میں پروکررکھتا ہے ۔
جس سے یکجہتی اور اتحاد کا اظہار ہوتا ہے ۔
اس وجہ سے قومیں اپنے ثقافتی ورثہ کی حفاظت کرتی ہیں ۔اور اس کی ترویج اور ترقی کے لیے اقدامات کرتی ہیں ۔میرے خیال میں قوموں کی اصل پہچان ان کی ثقافتی ہم آہنگی سے ہوتی ہے اس مقصد کے لیے وہ اداروں کی تشکیل کرتے ہیں تاکہ دنیا بھر کو اُن کا سافٹ امیج دکھائی دے ۔
س:پنجاب آرٹس کونسل کی سر براہی سنبھالنے کے بعد کوئی ایسا کام جو یاد گار ہو ؟
ج:جیسا کہ میں پہلے کہہ چکی ہوں کہ قوموں کی پہچان ان کی ثقافتی روایات اور اقدار سے ہوتی ہے ان اقدار اور روایات کو محفوظ کرنا ان کی ترویج کرنا وہ بنیادی کام ہے جو پنجاب کی ثقافت کو عموماً اور پاکستان کی ثقافت کو خصوصاً اجا گر کرنے نیز اس کی ترویج وترقی کے لیے پنجاب آرٹس کونسل سر انجام دے رہی ہے ۔
ثقافتی ترویج اور ترقی وفروغ کے لیے بنیادی شعبہ جات میں کام کیا گیا ہے جن میں آرٹس،موسیقی
،گائیکی،کرافٹس ،ادب اور ڈرامے شامل ہیں ۔میری بطور ایگزیکٹیوڈائریکٹر تعیناتی کے بعد ثقافت کے تمام شعبہ جات میں کام ہوا ہے ۔
آرٹس اور گائیکی اور موسیقی کے حوالے سے پنجاب میں نیے ٹیلنٹ کی تلاش اورا سے ترقی دینے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کروایا گیا۔
جس میں پنجاب بھر سے نوجوان فنکاروں کو موسیقی اور فائن آرٹس کے شعبوں میں اپنے ٹیلنٹ کے اظہار کا موقع دیا گیا اور جیتنے والے سب فنکاروں کو کیش انعامات سے بھی نوازا گیا۔اس کے علاوہ کرافٹس کے شعبہ پروجیکٹ(فن مٹی سے )جس میں پنجاب بھر میں دستکاریوں سے وابستہ فنکاروں کو اپنے فن کا مظاہرے کا موقع دیا گیا ۔
اس کے علاوہ پنجاب بھر سے علاقائی ثقافتوں کی ترویج کے لیے فوک سٹوڈیو کا سلسلہ بڑا کامیا ب اقدام رہا جس کی وجہ سے علاقائی ثقافتی رنگوں کو یکجا کرنے کا موقع دیا گیا۔
اس سلسلے میں حال ہی میں وائس آف جنوبی پنجاب کا انعقاد بڑا ہی اہم اور یادگار ایونٹ ہے جس میں جنوبی پنجاب کے شعبہ گائیکی کے نئے ٹیلنٹ کو ابھرنے کا موقع ملا۔اس کے علاوہ ترقیاتی کاموں کے حوالے سے پنجاب بھر میں ثقافتی مراکز کے قیام کا اقدام بڑا اہم ہے جس میں ڈویزنل آرٹس کونسل کے لیے آڈیٹوریم اور آرٹ گیلریوں کی تعمیر ضلعی اور تحصیل سطح تک آرٹس کونسل کی تشکیل کی منظوری شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ یوم پاکستان2019ء کے سلسلہ میں پنجاب کلچر فلوٹ کی تیاری پر تعریفی سند اور یاد گاری شیلڈ اور ٹرافی صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان سے حاصل کی علاوہ ازیں گوگل نے پنجاب آرٹس کونسل کے پروجیکٹ (فن مٹی سے )پر خوبصورت پروموتیار کرنے پر ایوارڈسے نوازا گیا میرے لیے یہ امر انتہائی باعث فخر ہے کہ پنجاب کونسل آف دی آرٹس کو حکومت پنجاب کے اُن دس اداروں میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے 2018-19کے ترقیاتی پروگرام میں سب سے زیادہ کام کیا۔

س:آپ نے کہا کہ ترقیاتی حوالے سے بہت زیادہ کام ہوا ہے قارئین لازمی طور پر اس کی تفصیل جاننا چاہئیں گے۔
ج:جی اس میں کوئی شک نہیں کہ پنجاب آرٹس کونسل نے گزشتہ دو سالوں میں ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کروائے ہیں۔ جن میں سر گودھا اور گوجرانوالہ آرٹس کونسل کے آڈیٹوریمز کی تکمیل ،بھکر اور شیخوپورہ میں ضلعی آرٹس کونسلز کا قیام اور پنجاب کے نو ڈسٹرکٹس میں آرٹس کونسلز کے قیام کیلئے جگہ کا حصول شامل ہے جبکہ بقایاپنجاب کی تمام ڈسٹرکٹس کیلئے جگہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے آرٹ گیلریز اور آڈیٹوریم کے لیے جگہوں کا تعین بھی ہو گیا ہے ۔
اس کے علاوہ پنجاب کی تمام آرٹس کونسلز کو سہولیات دینے کیلئے ایک پروجیکٹ (Missing Facilities)کے نام سے چل رہا ہے جو کہ جلد ہی مکمل ہو جائیگا۔جس میں آرٹس کونسلز کو ساؤنڈ سسٹمز ،لائیٹس ،فرنیچر اور دیگر سہولیات مہیا کی جائینگی۔
س:پنجاب آرٹس کونسل فنکاروں کی تربیت کے حوالے سے کیا کام کررہی ہے؟
ج:پنجاب آرٹس کونسل اپنی علاقائی آرٹس کو نسل کے ساتھ مل کر فنکاروں اور دستکاروں کی تربیت اور فنی پختگی کے لیے کام کررہی ہے ۔
اس سلسلہ میں تربیتی ورکشاب اور کورسز کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے ۔خاص طور پر فائن آرٹس میوزک گائیکی،زبان وادب ،اداکاری ،ڈانس اور دستکاروں کی تربیت کے لیے کلاسز کا اہتمام کیا گیا ہے ۔جہاں سے نیا ٹیلنٹ ہمارے قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں۔ اس کے علاوہ آرٹس کونسل ثقافتی تقریبات اور پروگرامز کے ذریعے بھی نئے فنکاروں کو مواقع دے رہے ہیں۔

س:پنجاب میں کوئی ثقافتی پالیسی ہے اگر ہے تو اس کے خدوخال کیا ہیں؟
ج:حکومت پنجاب کی خصوصی دلچسپی پر پنجاب آرٹس کونسل اور انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ نے دن رات کی محنت کے بعد ایک کلچر پالیسی ڈرافٹ کی ہے جو پارلیمانی امور کی کمیٹی کے سامنے Presentationکی صورت میں میں نے پیش کی ہے۔جو جلد پنجاب اسمبلی سے منظور ہو کر عمل میں لائی جائے گی۔
پنجاب آرٹس کونسل نے ثقافتی پالیسی کی تشکیل کے سلسلے میں بنیادی کردار ادا کیا ہے ۔
س:پنجاب آرٹس کونسل کے مقاصد کیا ہیں؟
ج:پنجاب آرٹس کونسل پاکستان کی ثقافتی ترقی اور ترویج کے لیے کام کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے۔ جس کا نیٹ ورک پورے پنجاب ہے ۔جس کا بنیادی مقصد آرٹس اور کلچر کو فروغ دینا ہے حکومتی پالیسیوں کی تشہیر فنکارانہ انداز میں کرتا ہے تاکہ تفریح بھی ملے اور ان تک سماجی بہبود اور وطن دوستی کا سبق بھی پہنچے یہی وجہ ہے کہ نیشنل ایکشن پلان میں آگاہی اور تربیت کے عناصر کو شامل کیا گیا ہے ۔
آرٹس کو نسلز بھی نیشنل ایکشن پلان میں اپنا حصہ ڈال رہی ہیں تا کہ انتہا پسندی کو ختم کیا جا سکے اور رواداری امن اور بھائی چارے کو فروغ ملے اور دینا بھر کو پاکستان کے سافٹ امیج اور مضبوط ثقافتی پس منظر کا ابلاغ ہو۔پنجاب آرٹس کونسل صرف آرٹ اور کلچر کی ترویج وفروغ کے لیے ہی کام نہیں کرتا بلکہ محکمہ اطلاعات وثقافت حکوت پنجاب کو مستحق فنکاروں کو مالی امداد کے لیے سفارشات مرتب کرتی ہے ۔تاکہ فنکاروں کو معاشی ابتری سے محفوظ رکھا جا سکے۔علاوہ ازیں پنجاب آرٹس کونسل پنجاب بھر سے مستحق فنکاروں کے کوائف حکومت پنجاب کو مہیا کررہی ہے۔

Browse More Articles of Other