Behtareen Model Purtaseer Adakara Achi Raqasa Sadaf Kanwal Se Milye

Behtareen Model Purtaseer Adakara Achi Raqasa Sadaf Kanwal Se Milye

بہترین ماڈل،پرتاثر اداکارہ اچھی رقاصہ صدف کنول سے ملئے

کئی اشتہارات ،ریمپ پر پروفیشنل ماڈنگ اور فلموں میں اداکارانہ جوہر دکھانے والی اداکارہ صدف کنول اب کسی تعارف کی محتاج نہیں۔

جمعرات 18 جولائی 2019

 درخشاں فاروقی
کئی اشتہارات ،ریمپ پر پروفیشنل ماڈنگ اور فلموں میں اداکارانہ جوہر دکھانے والی اداکارہ صدف کنول اب کسی تعارف کی محتاج نہیں۔’بالو ماہی اور نامعلوم افراد 2ان کے کیرےئر کی دو فلمیں ہیں جن میں ان کے کردار نیم مرکزی نوعیت کے تھے۔اصل میں وہ ریمپ کی شہزادی ہے یا مستقبل کی بڑی اداکارہ کے طور پر اپنی صلاحیتیں منوانے کا ارادہ رکھتی ہے آئیے صدف سے مل کر ان سے پوچھتے ہیں․․․․․
”سنا ہے کہ اداکاری اور ماڈلنگ آپ کو ورثے میں ملنے والے فنون ہیں؟“
”بالکل ٹھیک سنا ہے۔
میری نانی سلمیٰ ممتاز نے پاکستانی فلمی صنعت پر قریب قریب پچیس سال تک راج کیا ہے۔وہ 60کی دہائی کی قابل ذکر اداکارہ رہی ہیں۔اس وقت ہماری فلمی صنعت عروج کو چھورہی تھی اور اچھی فلمیں بن رہی تھیں ندا ممتاز جو آج ہر دوسرے ڈرامے کی مقبول ماں،بھابی یا بڑی بہن ہیں۔

(جاری ہے)

میری خالہ ہیں۔اس طرح فلم میرے لئے اجنبی شعبہ نہیں۔ پرانے وقتوں میں ایسے شاندار اور بڑے پیمانے پر فیشن شوز ترتیب نہیں دےئے جاتے تھے۔


اب پچھلے دس بیس برس سے ایک نئی روایت کی شروعات ہوئی۔ہمارے ڈیزائنرز نے بین الاقوامی شہرت یافتہ برانڈڈشوز کی طرز پر میک اپ،ملبوسات اور دیگر آراستہ کرنے والی مصنوعات کی تشہیر کے لئے کئی منصوبے پیش کئے۔ملک میں فیشن ڈیزائننگ کی نئی تاریخ رقم ہوئی اور پڑھی لکھی نسل کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا نیا چیلنج ملا جن میں میں بھی شامل ہوئی ہمارا قبیلہ فیشن انڈسٹری کی وجہ سے پروان چڑھا ۔

”فلم بالو ماہی تو کامیاب نہیں ہو سکی اس کے بعد کوئی اور چیلنج جو آپ نے قبول کیا ہو؟“
”دیکھئے فلم ایک بڑی کینوس کی تصویر کا نام ہے اور اس کی کامیابی اور ناکامی کا کوئی ایک جواز یا وجہ نہیں ہوتی۔میں نے عثمان خالد بٹ اور عینی جعفری کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھا بے شک میرا کردار چھوٹا تھا اور کسی حد تک متنازعہ بھی مگر کردار کردار ہی ہوتا ہے ۔
اداکاروں کی یہی خوبی ہے کہ وہ ہر رنگ میں ڈھل جائیں اور خود کو گم کردیں۔اگر بالو ماہی کسی بھی ایک فلم بین یا فلمی حلقوں میں رجسٹرنہ ہوتی تو مجھے نامعلوم افراد 2میں کام نہ ملتا۔“
”نا معلوم افراد2میں ایک گانا کیف وسرور بھی آپ کی وجہ شہرت بنا کچھ اس حوالے سے کہنا چاہیں گی؟“
”فلم اور مخصوص ماحول یعنی ماضی کا کلب سانگ اور آج کا آئٹم نمبر اور کس طرح پکچرائز ہوتا اور کیسے پر فارمنس دی جاتی ہے یہ سوال میں ہر اس ناقد سے کرنا چاہوں گی جو میری پر فارمنس کو برا کہہ رہے تھے۔

سانگ ڈائریکٹر اور فلم کا پروڈیوسر ڈائریکٹر ایک Riskلے رہا تھا اور لوگوں نے اسے پسند کیا یہی میری
کا میابی ہے ۔ساتھی اداکارنے مجھ پر تنقید کے ڈونگرے برسائے۔
میں نے جواب نہیں دیاکہ یہی سب آپ ہر دوسری فلم میں مصالحہ بنا کر شامل بھی کرتے ہیں اور Massesکے رسپانس کے لئے اور انہیں سینما تک لانے کے لئے ایک حربے کے طور پر استعمال بھی کرتے ہیں اور پھر تنقید بھی کرتے ہیں ۔
کیا ماضی کی فلموں میں اداکارائیں ڈانسرز کے کردار نہیں کرتی تھیں۔اسی طرح کے لباس ،میک اپ،لائٹنگ،پکچرائزیشن سے ویسا ہی ماحول نہیں بنایا جاتا تھا۔بہر حال میرے رقص کو پسند کیاگیا۔“
”آج کل نئی مصروفیت کیا ہے؟“
”ایک ڈرامہ شوٹ کر وار ہی ہوں اور ایک فلم جو شاید بڑی عید تک ریلیز ہو جائے گی۔“
”ساتھی اداکاراؤں میں سے کسی کے کام سے متاثر ہیں یا دوستی ہے؟“
”فلمی یا ٹی وی کے ساتھی ایک فیملی کی طرح ہیں۔
سب ہی اچھے ہیں مثلاً مہوش حیات ،عائشہ عمر ،ژالے سرحدی ،ماہرہ خان ،عینی جعفری ،اعجاز اسلم اور دوسرے ساتھی،سب مجھے گائیڈ کرتے ہیں ۔نئی خواتین آرٹسٹوں نے آئٹم نمبر کئے مثلاً مہوش حیات اور عائشہ عمر نے کامیاب پر فارمنسز دی ہیں مگر لوگوں نے انہیں تنقید کا نشانہ نہیں بنایا حیرت ہے۔“
”آپ کہاں پیدا ہوئیں اور تاریخ پیدائش اگر آپ بتانا چاہیں۔

”میں کراچی میں29اگست 1993ء میں پیدا ہوئی اور یہیں بزنس کی تعلیم حاصل کی۔“
”ماڈلنگ میں مزاہے یا اداکاری میں پہچان کا کوئی مول نہیں۔“
”دونوں اچھے شعبے ہیں۔ ہمارے یہاں اب ماڈلنگ کا وہ تصور نہیں کہ اچھے،پڑھے لکھے گھرانوں کی بہو بیٹیاں کام نہ کریں۔لوگ بدل گئے،ماحول بدل گیا۔تعلیم یافتہ لوگ آگئے۔شروع میں پیسہ کم تھا اب معاوضہ بھی اچھا ملتا ہے اور سب سے بڑھ کر لوگ آپ کی قدرکرتے ہیں ۔
میری عزت کرتے ہیں ۔
خیال رکھتے ہیں اور دوستانہ فضاء میں کام ہوتا ہے ۔میں چاہتی ہوں کہ 30برس کی عمر سے پہلے پہلے ریمپ پر ماڈلنگ کرنا چھوڑ دوں کیونکہ بڑی عمر کی ماڈلز اپنی جاذبیت کھوتی چلی جارہی ہیں اور انہیں احساس نہیں کہ لوگ پیٹھ پیچھے ان کے لئے خیر کے کلمات نہیں کہتے۔
میں نہیں چاہتی کہ میری بھی برائیاں کریں۔لوگوں کی زبانیں تو آپ نہیں پکڑ سکتے مگرکیرےئر بدلنے اوراپنے لئے کسی نئے شعبے میں قدم جمانے کی کوشش تو کر ہی سکتے ہیں۔
ماڈلنگ کے لئے خوبصورتی یا پر کشش ہونا اولین اہمیت رکھتا ہے جبکہ اداکارہ کا پر فارمز ہونا اور کردار اپنے اوپر حاوی کر لینے کی صلاحیت کا ہونا ضروری ہے۔آپ مجھے بہت جلد ایک اچھے ڈرامہ سیریل اور فلم میں دیکھیں گے کیونکہ میں اپنی شخصیت کو منوانا اور اپنی ہمہ جہتی کو تسلیم کروانا چاہتی ہوں۔میں خود اپنے لئے ایک چیلنج ہوں۔اپنے ہاں کے تمام ایوارڈ لے چکی ہوں بلکہ کسی قابل تھی تو ملے اب میرا ٹارگٹ ڈرامہ انڈسٹری ہے جو بے شک آسان نہیں مگر میں محنتی ہوں ،کرلوں گی مجھے اپنے آپ پر یقین ہے۔

”ماڈلنگ میں آپ کی آئیڈیل ہستی کون ہیں؟“
”کار اڈیلون جنہوں نے اوائل عمری سے ماڈلنگ کا آغاز کیا اور 25برس میں ریٹائر ہو کے اب صرف فلموں میں کام کرتی ہیں۔“
”آپ کیا سمجھتی ہیں کہ اکلوتی اولاد ہونے کے باعث آپ کو سپورٹ ملی؟“
”یہ بات بھی ہے مگر ہمارے یہاں اولاد میں لڑکا ہویا لڑکی یا دوسے زائد اولادیں ہوں تب بھی امتیاز نہیں برتا جاتا۔
مساویانہ حقوق اور پڑھائی کے بعد کیرےئر کے چناؤ میں آزادی دی جاتی ہے ۔باقی اچھا برا تو ہر ماں باپ اپنی اولاد کو بتاتے ہی ہیں۔
فیملی کی بھی کچھ پابندیاں اور کچھ خود ساختہ اقدار اور حدود ہوتی ہیں ۔اب اگر میرے رقص کو دیکھتے ہوئے تنقید کی جاتی ہے تو کوئی بھی اداکارہ خواہ وہ ماضی کی نیلو،شبنم ،بابر اشریف یا کوئی دوسری خاتون ہوتیں کیا یہ رقص نہ کرتیں۔
70کی دہائی میں کتنے ہی مقبول گیت کلب سانگز تھے مگر ہم پڑھ لکھ کے بھی ذہنی طور پر تبدیل نہیں ہوئے۔“
میں کچھ دیر اور بھی صدف سے باتیں کرنا چاہتی تھی مگر وہ ساتھی اداکاروں کی تنقید سے ناراض ہوئی بیٹھی تھیں یوں گھوم گھما کے ہماری گفتگو نامعلوم افراد 2کے گانے پر ہی جاتی رہی۔صد ف بہت پیاری شخصیت رکھتی ہیں ان سے تفصیلی ملاقات پھر کبھی ضرور کرائیں گے۔

Browse More Articles of Other