اگر آپ پاکستان کو چھوڑ کر جاتے ہیں تو آپ سب سے بڑے "لوزر" ہیں

میرے پاس امریکی شہریت ہے گرین کارڈ ہے، لیکن پاکستان چھوڑنا کوئی بڑی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ جب آپ اپنے ملک اپنی ماں کو چھوڑتے ہیں تو یہ آپ کی سب سے بڑی ہار ہے، اداکارہ میرا

muhammad ali محمد علی منگل 8 اگست 2023 01:27

اگر آپ پاکستان کو چھوڑ کر جاتے ہیں تو آپ سب سے بڑے "لوزر" ہیں
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اگست2023ء) اداکارہ میرا نے پاکستان کو چھوڑنا کسی بھی شخص کی بڑی ہار قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جیو ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو میں اداکارہ میرا نے پاکستان کو خیرباد کہنے کے معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ اداکارہ میرا نے کہا کہ اگر آپ پاکستان کو چھوڑ کر جاتے ہیں تو آپ سب سے بڑے "لوزر" ہیں۔ میرے پاس امریکی شہریت ہے گرین کارڈ ہے، لیکن پاکستان چھوڑنا کوئی بڑی کامیابی نہیں ہے بلکہ یہ جب آپ اپنے ملک اپنی ماں کو چھوڑتے ہیں تو یہ آپ کی سب سے بڑی ہار ہے۔

میرا نے کہا کہ پاکستان کو چھوڑ جانے والے لوگ باہر جا کر جب خوش ہو کر فخر سے یہ کہتے ہیں کہ نہیں ہم پاکستان میں نہیں بلکہ لندن، امریکا یا دبئی میں رہتے ہیں، تو مجھے ان لوگوں پر رونا آتا ہے، میں اللہ سے دعا کرتی ہوں کہ اللہ ان لوگوں کو عقل دے۔

(جاری ہے)

آپ کی اپنے ملک کے ساتھ وفاداری ہی نہیں ہے۔ آپ کو معلوم ہی نہیں ہے کہ ملک اور ماں کیا ہوتی ہے۔



یہاں واضح رہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔ ایک سال میں بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 300 فیصد اضافہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ اس حوالے سے نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفٰی نواز کھوکھر نے انکشاف کیا کہ ملک میں گزشتہ سال تک سالانہ اوسطً 2 سے ڈھائی لاکھ پاکستانی بیرون ملک جاتے تھے، تاہم اب اس سال یہ تعداد بڑھ کر 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

ملک کے حالات اس قدر خراب ہو چکے کہ ملک کے بہترین دماغ تیزی سے ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔ جبکہ اس حوالے سے ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق غیر یقینی معاشی و سیاسی صورتحال، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان لاکھوں نوجوان رزق کی تلاش میں سمندر پار چلے گئے۔ روزگار کے حصول کیلیے بیرون ملک جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں 3 گنا اضافہ ہوگیا ہے۔

گزشتہ سال دسمبر تک 7 لاکھ 65 ہزار نوجوان حصول روزگار کیلیے پاکستان چھوڑ کر جا چکے تھے، جبکہ رواں سال کے ابتدائی 4 ماہ میں مزید ہزاروں پاکستانی بیرون ملک چلے گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں ڈاکٹر، انجینئر، آئی ٹی ماہرین، اکائوٹنٹس، ایسوسی ایٹ انجینئر، اساتذہ، نرسز شامل ہیں، 92 ہزار سے زائد اعلی تعلیم یافتہ افراد بھی سمندر پار جا بسے۔

دسمبر 2022 تک 92 ہزار سے زائد گریجویٹس، ساڑھے 3 لاکھ تربیت یافتہ اور 3 لاکھ سے زائد غیرتربیت یافتہ نوجوان بیرون ملک گئے۔ بیرون ملک جانے والوں میں 5 ہز ار 534 انجینئرز، 18 ہزار ایسوسی ایٹ الیکٹریکل انجینئرز، اڑھائی ہزار ڈاکٹرز، 2 ہزار کمپیوٹر ماہرین، ساڑھے6 ہز ار سے زائد اکائوٹنٹس، 2 ہزار600 زرعی ماہرین، 13 ہزار سپروائزر، 16ہزار منیجرز، 900 سے زائد اساتذہ، 12ہزار کمپیوٹر آپریٹر، 16سو سے زائد نرسز، 21 ہزار 517 ٹیکنیشنز،10 ہزار 372 آپریٹر، ساڑھے 8 ہزار پینٹرز، 783 آرٹسٹس، 5 سو سے زائد ڈیزائنرز شامل ہیں جبکہ 2 لاکھ 13 ہزار ڈرائیورز اور 3 لاکھ 28 ہزار مزدور بھی روزگار کی تلاش میں پرائے دیس چل پڑے۔

اعداد وشمار کے مطابق دسمبر 2022 تک 7 لاکھ 36 ہزار پاکستانی نوجوان خلیجی ممالک جبکہ 40 ہزار پاکستانی یورپی اور ایشیائی ممالک گئے۔ سب سے زیادہ 4 لاکھ 70 ہزار پاکستانی نوجوان سعودی عرب، 1 لاکھ 19 ہزار متحدہ عرب امارات، 77 ہزار عمان، 51 ہزار 634 قطر جبکہ 2 ہزار پاکستانی کویت گئے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران بیرون ممالک کا رخ کرنے والے پاکستانیوں کی تعداد غیر معمولی ہے۔ اس سے قبل 2020 میں 2 لاکھ 25 ہزار، جبکہ2021 میں 2 لاکھ 88 ہزار نوجوانوں نے بیرون ملک ملازمت کو ترجیح دی تھی۔
وقت اشاعت : 08/08/2023 - 01:27:21

Rlated Stars :

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :