ریحام خان کا 8 سال بعد دوسری فلم ’’چیمہ، چٹھہ اینڈ باجوہ ‘‘بنانے کا اعلان

فلم مکمل طور پر رومانوی اور مزاحیہ ہوگی ،اس میں زیادہ تر پنجابی زبان ہوگی‘ پوڈ کاسٹ میں گفتگو

ہفتہ 24 فروری 2024 22:58

ریحام خان کا 8 سال بعد دوسری فلم ’’چیمہ، چٹھہ اینڈ باجوہ ‘‘بنانے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 فروری2024ء) ٹی وی میزبان، لکھاری اور فلم پروڈیوسر ریحام خان نے تصدیق کی ہے کہ وہ 8 سال بعد اپنی دوسری فلم ’’چیمہ، چٹھہ اینڈ باجوہ ‘‘بنانے جا رہی ہیں۔ریحام خان نے اپنی پہلی فلم ’’جانان ‘‘سال 2016میں ریلیز کی تھی، جس میں علی رحمن، بلال اشرف اور ہانیہ عامر سمیت دیگر نے کردار ادا کیے تھے اور ہانیہ عامر نے اداکاری کا آغاز بھی اسی فلم سے کیا تھا۔

جانان کی کامیابی کے بعد ہانیہ عامر کو بھی شہرت ملی تھی اور ریحام خان نے اب اعتراف کیا کہ انہیں پہلی فلم بنانے سے اچھی خاصی کمائی ہوئی تھی اور اب وہ دوسری فلم بنانے جا رہی ہیں۔ریحام خان نے حال ہی میں حافظ احمد پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی شادیوں، ملکی سیاست سمیت ملک میں بڑھتی طلاقوں پر کھل کر بات کی تھی۔

(جاری ہے)

پوڈکاسٹ میں انہوں نے بطور فلم ساز بھی بات کی اور یہ بھی کہا کہ پاکستان میں بھارتی فلموں کو ریلیز کرنے کی اجازت دی جانی چاہیے اور ان کی فلموں کی نمائش سے ہی پاکستانی فلمیں دیکھی جائیں گی۔

ریحام خان کے مطابق پاکستان میں سینمائیں بہت کم ہیں اور پاکستان میں سرمایہ کار فلموں میں پیسے لگانے سے ڈرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اس طرح کا میکینزم ہونا چاہیے کہ فلمیں بنانے کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت ہے اور لوگوں کو فلموں میں سرمایہ کاری کی ترغیب دینی چاہیے ۔ریحام خان نے کہا کہ ماضی کے مقابلے میں اب پاکستانی فلمیں بھی اچھی کمائی کرلیتی ہیں لیکن اب بھی پاکستانی فلموں کی کمائی اتنی اچھی نہیں ہوتی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہوں نے جانان فلم انتہائی کم پیسوں سے بنائی تھی اور وہ پیسے اتنے کم تھے کہ وہ بتانا بھی نہیں چاہتیں۔تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ کم بجٹ پر فلم بنائے جانے کے باوجود ان کی فلم نے اچھی کمائی کی لیکن انہوں نے کمائی بھی نہیں بتائی۔ریحام خان نے تصدیق کی کہ اب 8سال بعد وہ دوبارہ چیمہ، چٹھہ اینڈ باجوہ کے نام سے پنجابی فلم بنانے جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بہت پیار اور محنت سے فلم کی کہانی لکھی ہے اور فلم مکمل طور پر رومانوی اور مزاحیہ ہوگی اور اس میں زیادہ تر پنجابی زبان ہوگی۔ان کے مطابق بھارتی پنجابیوں نے کینیڈا، امریکہ اور برطانیہ میں موجود پنجابی کمیونٹی کے لیے اچھی اچھی فلمیں بنائیں اور انہوں نے اچھی کمائی بھی کی، اس لیے انہوں نے بھی بیرون ممالک مقیم پاکستان کی پنجابی کمیونٹی کے لیے فلم بنائی ہے جس سے انہیں اچھی امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے فلم کی کاسٹ کے حوالے سے بتایا کہ ان کی فلم کا ہیرو 27یا 28سال کا ہوگا، اس لیے انہیں اپنا ہیرو تلاش کرنے میں مشکلات درپیش ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ انہیں ہیرو مل جائے گا۔انہوں نے فلم کی دیگر کاسٹ کے حوالے سے بھی کچھ نہیں بتایا اور یہ بھی واضح نہیں کیا کہ ان کی فلم کب تک ریلیز ہوگی لیکن ممکنہ طور پر ان کی فلم آئندہ برس تک ریلیز ہوگی۔
وقت اشاعت : 24/02/2024 - 22:58:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :