طالبہ کا خیال تھا کہ گھر میں بھوت ہے لیکن یہ توکچھ انوکھا ہی نکل آیا

Ameen Akbar امین اکبر بدھ 6 فروری 2019 23:52

طالبہ کا خیال تھا کہ گھر میں بھوت ہے لیکن یہ توکچھ انوکھا ہی نکل آیا

گرینزبورو، شمالی کیرولائنا  سے تعلق رکھنے والی یونیورسٹی آف کیرولائنا  کی طالبہ اکثر مذاق میں کہا کرتی تھیں کہ اُن کے اپارٹمنٹ میں کسی بھوت کا قبضہ ہے۔لیکن جب یہ بھوت سامنے آیا تو وہ حیران رہ گئیں۔
طالبہ، جنہوں نے اپنا نام میڈی بتایا ہے، کا کہنا ہے کہ ماضی میں اُن کےکپڑے پر اسرار طور پر غائب ہونے لگے تھے۔ کچھ دن پہلے انہیں باتھ روم کے شیشے اور دیواروں پر ہاتھوں کے نشانات نظر آنے لگے، جو اُن کے ہاتھوں کے نشان نہیں تھے۔


پولیس کا کہنا ہے کہ اس ہفتے کو میڈی کا  سامنا اُس ”بھوت“ سے ہو ہی گیا۔ میڈی کو اپنی کپڑوں کی الماری سے  کھڑکھڑاہٹ کی آوازیں  سنائی دی تو انہوں نے پوچھ ہی لیا کہ ”وہاں کون ہے؟“
میڈی نے   ڈبلیو ایف ایم  وائی کو انٹرویو دیتے ہوئے واقعے کی تفصیلات بتائیں۔

(جاری ہے)

الماری کا دروازہ دبانے پر  میڈی کو پتا چلا کہ  یہ کسی بھوت کی آوازتو نہیں تھی۔

اسی وقت الماری کےاندر سے آواز آئی ”اوہ، میرا نام ڈریو ہے“۔ میڈی نے  اپنی سمارٹ واچ سے پولیس کو ہنگامی کال ملانے کی کوشش کی تو الماری کےا ندر موجود شخص نے اسے نقصان نہ پہنچانے کا وعدہ  اور پولیس کا فون نہ کرنے کی درخواست کی۔ اس پر میڈی کچھ نرم پڑ گئیں۔ میڈی نے الماری کا دروازہ کھول دیا۔ اندر سے جو شخص نکلا  وہ میڈی کے کپڑے ، جرابیں اور جوتے پہنے ہوئے تھا۔

اس شخص کے ہاتھ میں بیگ  تھا جو میڈی کے کپڑوں سے بھرا ہوا تھا۔ الماری سےباہر نکل کر بھی اُس شخص نے میڈی سے پولیس کا کال نہ کرنے کی بھیک مانگی۔ میڈی نے اپنے دوست کو فون کیا اور اُس شخص کو مصروف رکھنے کےلیے اس سے باتیں کرنے لگی۔جیسے ہی میڈی کا دوست وہاں پہنچا، وہ شخص گھر سے نکل گیا۔
گرینزبورو کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ  کے ترجمان  رونالڈ گلین نےبتایا کہ 30 سالہ اینڈریو کلائیڈ سوفورڈ کو اپارٹمنٹ سے نکلنے کے کچھ دیر بعد قریبی گیس سٹیشن سے گرفتار کر لیا گیا۔


اینڈریو پر   چوری اور گھر میں بغیر اجازت داخل ہونے کی دفعات عائد کی گئی ہیں۔ اینڈریو کے ریکارڈ سے پتا چلا ہے کہ  اس پر پہلے بھی چوری  کے الزامات تھے۔ اینڈریو قابل تعزیر جرم میں عدالت میں بھی پیش نہیں ہوا تھا۔ اینڈریو کو  گیلفورڈ کاؤنٹی جیل میں رکھا گیا ہے۔
رونالڈ نے بتایا کہ انہوں نے لوگوں کے غلط اپارٹمنٹ میں داخل ہونے کے بارے میں تو سنا  ہے  لیکن کسی کی الماری میں گھسنا کافی منفرد ہے۔

رونالڈ نے مزید بتایا کہ انہیں اینڈریو کے  میڈی کے گھر میں زبردستی داخلے کے  نشانات نہیں ملے۔
میڈی نے بتایا کہ انہیں اپنے اپارٹمنٹ میں رہنا محفوظ نہیں لگتا تھا۔ 19 دسمبر کو  میڈی کے لیونگ روم میں دو اجنبی بیٹھے تھے۔میڈی نے لیزنگ آفس کو مطلع کیا تو انہوں نے گھر کے تالے بدل دئیے لیکن پولیس کو مطلع نہیں کیا ۔میڈی کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اپنا اپارٹمنٹ چھوڑ دیں گی۔وہ پہلے ہی نئے  اپارٹمنٹ کی لیز پر دستخط کر چکی ہیں۔

Browse Latest Weird News in Urdu