Bag Aur Purse - Fashion Bhi Zaroorat Bhi - Article No. 3019

Bag Aur Purse - Fashion Bhi Zaroorat Bhi

بیگ اور پرس فیشن بھی،ضرورت بھی - تحریر نمبر 3019

اب خواتین اپنے کپڑوں اور اسٹائل کے مطابق ہینڈ بیگز کا انتخاب کرتی ہیں

منگل 29 نومبر 2022

راحیلہ مغل
کسی تقریب میں شرکت کرنا ہو یا پھر سہیلیوں سے میل ملاقات،خواتین کے لئے پہلا مشکل مرحلہ لباس کا انتخاب ہوتا ہے،اس کے بعد سولہ سنگھار،لیکن اتنی سج دھج کے بعد بھی ساری زیبائش و آرائش اُس وقت تک نامکمل ہے جب تک لباس کی مناسبت سے پرس،کلچ،ہینڈ یا شولڈر بیگ کا انتخاب نہیں ہو جاتا۔ایک وقت تھا جب بازاروں میں ہینڈ بیگز کی گنی چنی ورائٹی نظر آتی تھی مگر اب فیشن میں جیسے جیسے جدت آئی ہے اسی طرح خواتین کے ہینڈ بیگز کی بھی کافی اقسام سامنے آئی ہیں۔
اب بازاروں میں ہر طرح کے ہینڈ بیگز دستیاب ہیں۔یہی وجہ ہے کہ اب خواتین اپنے کپڑوں اور اسٹائل کے مطابق ہینڈ بیگز کا انتخاب کرتی ہیں۔خواتین کے پاس بیگ کے معاملے میں لامحدود چوائس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ہر موقع کی مناسبت سے لاتعداد پرس اور بیگز مارکیٹ میں بہترین قیمت پر دستیاب رہتے ہیں۔مثال کے طور پر خواتین چھوٹے پرس یا کلچ صرف خاص موقع پر استعمال کرنا پسند کرتی ہیں۔

جن میں ان کی چھوٹی چھوٹی اشیاء مثلاً رقم،لپ اسٹک اور موبائل فون آسانی سے سما سکے۔بالکل اسی طرح شاپنگ کے لئے خواتین الگ قسم کے بیگز ساتھ رکھتی ہیں اور اس میں زیادہ تر خواتین شولڈر بیگز لیتی ہیں تاکہ ان کے ہاتھ فری رہیں اور وہ آسانی سے اپنے لئے اشیاء کا انتخاب کر سکیں۔
ورکنگ ویمن یا گھر سے باہر کام کرنے والی خواتین عام طور پر بڑے بیگز لینا پسند کرتی ہیں تاکہ ان میں ان کی تمام اہم فائلز،ڈاکومنٹس اور دیگر اشیاء آسانی سے رکھی جا سکیں۔
ملازمت پیشہ خواتین کے لئے تو شولڈر بیگز گویا ان کی ”آدھی دنیا“ ہیں۔دوسری جانب پرس منتخب کرتے ہوئے خواتین کے لئے اپنی عمر اور لباس کو مدنظر رکھنا بہت ضروری ہے۔روزمرہ کے استعمال کیلئے سادہ پرس خریدیں نیز کسی ایسے کلر میں خریدیں جس کا استعمال آپ اپنے تمام ملبوسات کے ساتھ کر سکیں۔خواتین عام طور پر مختلف رنگوں کے پرس استعمال کرتی ہیں لیکن کسی مخصوص تقریب کیلئے اپنے کپڑوں کے ساتھ میچنگ پرس بھی خریدا جا سکتا ہے۔

ہینڈ بیگ ہوں یا پرس اپنی بناوٹ اور نت نئے ٹرینڈ کے سبب سارا سال مقبول رہتے ہیں۔فیشن ٹرینڈز کے تیزی سے بدلنے کے سبب ہینڈ بیگ سستے اور مہنگے دونوں قسم کے داموں میں دستیاب ہوتے ہیں۔خواتین نہ صرف مہنگے بلکہ سستے داموں میں بھی خوبصورت اور اچھے مٹیریل کے ہینڈ بیگز موسم اور ٹرینڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے باآسانی خرید سکتی ہیں۔
خواتین کی خواہش ہوتی ہے کہ ملبوسات سے لے کر ہینڈ بیگز بھی فیشن کے عین مطابق ہوں یہی وجہ ہے کہ آج کل خواتین روایتی رنگوں کے برعکس مختلف اور جدید قسم کے ہینڈ بیگز کو خریدنے میں زیادہ دلچسپی لیتی ہیں فیشن میں جہاں ایک جانب چین کے ساتھ چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ ان ہیں وہیں باکس بیگز سمیت ہینڈ بیگز پر کیے جانے والے مختلف ڈیزائنز،کٹز بھی رنگ برنگی ورائٹی کے ساتھ خاصے پسند کئے جا رہے ہیں۔
آج کل ہینڈ بیگز کے کیا نئے ٹرینڈز دیکھنے کو مل رہے ہیں یہ جاننے کے لئے آئیے اب بات کرتے ہیں مختلف ہینڈ بیگز اور کلچز پر!
ہوبو ہینڈ بیگ:
اگر دوران شاپنگ آپ کی نظر دو ہینڈل کے بجائے ایک ہینڈل والے چمڑے اور فلورل پرنٹ والے ہینڈ بیگ اسٹائل پر پڑے تو سمجھ جائیے کہ یہ ہوبو ہینڈ بیگ اسٹائل ہے۔ہینڈ بیگ کا یہ اسٹائل سب سے مقبول اور ٹرینڈی مانا جاتا ہے جو کہ عام طور پر سائز میں بڑا ہوتا ہے۔
یہ گاڑی کی چابیاں،پانی کی بوتل،جیکٹ اور دوپٹہ وغیرہ رکھنے کے لئے زیادہ مناسب اسٹائل تصور کیا جاتا ہے۔ہوبو ہینڈ بیگ اسٹائل گرمیوں،ڈنر یا شاپنگ جیسے موقع کے لئے بہترین انتخاب ہے یہ بیگ سادہ چمڑے اور پرنٹڈ دونوں قسم کی ورائٹی میں باآسانی دستیاب ہوتے ہیں۔
سیچل ہینڈ بیگ:
سیچل ہینڈ بیگ اسٹائل ورکنگ ویمن کے لئے بہترین ہے کیونکہ ورکنگ ویمن کی ترجیح ہوتی ہے کہ پرس خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ پائیدار بھی ہو ساتھ ہی اس میں اس قدر گنجائش ہو کہ روزمرہ استعمال کی چیزیں رکھ سکیں۔
اس اسٹائل کے ہینڈ بیگ لیدر کے علاوہ بھاری ساخت سے بھی تیار کئے جاتے ہیں ٹرپل ہینڈل کے علاوہ یہ اسٹائل کراس باڈی ہینڈل کے طور پر بھی تیار کیا جاتا ہے جس کو مزید خوبصورت بنانے کے لئے پرس کے سائیڈوں پر چین کی لمبی زپ لگا دی جاتی ہے۔یہ بیگ کوٹ،کلاسک طرز کے سویٹر وغیرہ کے ساتھ آپ کی شخصیت میں مزید نکھار پیدا کر دیتا ہے۔
ہینڈ کلچز:
فیشن میں لمبی چین والے چھوٹے ہینڈ بیگز اور کلچ بھی بے حد اِن ہیں۔
بڑے ہینڈ بیگ کے ساتھ لانگ چین ہینڈ کلچز کو بھی فیشن میں خوب سراہا جا رہا ہے۔کلچز شادی بیاہ،مہندی مایوں اور عام تقریبات کے لئے بہترین اور موزوں ہیں کیونکہ ان تقریبات میں جانے کے لئے آپ کو زیادہ بھاری وزنی بیگ لے جانے کی ضرورت نہیں پڑتی یہ اسٹائل چابیاں،لپ اسٹک اور والٹ رکھنے کے لئے زیادہ بہتر ہے۔
ٹوٹ ہینڈ بیگز:
ٹوٹ ہینڈ بیگ اسٹائل خواتین میں مقبول تمام ہینڈ بیگ اسٹائل میں سے ایک ہے۔ٹوٹ اسٹائل سادے اور لیدر کے کپڑوں یا ساخت پر تیار کئے جاتے ہیں۔ہینڈ بیگ کا یہ اسٹائل بھی ہوبو اسٹائل سے ملتا جلتا ہے لیکن یہ اسٹائل مختلف قسم کے ڈیزائن کے باعث نت نئے اسٹف پر ڈیزائن کیا جاتا ہے جو کہ آفس ورک اور شاپنگ کے لئے بہترین انتخاب ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Bag Aur Purse - Fashion Bhi Zaroorat Bhi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.