Bridal Hijab - Article No. 2964

Bridal Hijab

برائیڈل حجاب - تحریر نمبر 2964

اب ٹرینڈ بن گیا

پیر 5 ستمبر 2022

راحیلہ مغل
حجاب موجودہ زمانے میں تیزی سے مقبول ہوتا ہوا فیشن ہے،لڑکیاں اور خواتین نہ صرف حجاب عام زندگی میں پہننا پسند کرتی ہیں بلکہ اب تو کچھ لڑکیاں اپنی شادی پر بھی حجاب لینے لگی ہیں۔گزشتہ کچھ عرصے پہلے تک عربی دلہنیں حجاب اوڑھتی تھیں یا پھر چند مشرقی ممالک میں یہ رواج تھا،لیکن اب اس میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
حجاب کی وجہ سے ان لڑکیوں اور خواتین کی بھی حوصلہ افزائی ہوتی ہے جو اسے عام زندگی میں استعمال کرتی ہیں،تاہم کچھ مغربی ممالک ایسے ہیں جہاں خواتین کے حجاب پہننے پر تنقید کی جاتی ہے۔بہرحال کئی ممالک کی دلہنوں نے برائیڈل فینسی حجاب اوڑھنا شروع کر دیا ہے،جسے ہر کوئی بے انتہا پسند کر رہا ہے،عرب ممالک کی طرح اب پاکستانی دلہنیں بھی اپنے بناؤ سنگھار میں حجاب شامل کرنے لگی ہیں۔

(جاری ہے)


اس میں شک نہیں کہ سر پر دوپٹہ اوڑھے یا گھونگھٹ نکالے سٹیج پر نظر آنے والی دلہن تو اب گئے زمانے کی بات لگتی ہے۔اب تو ہر طرف ماڈرن زمانے کی دلہنیں دوپٹے کے بغیر بارات یا ولیمے کی تقریب میں نمایاں نظر آتی ہیں۔لیکن بہت سے گھرانوں میں دلہنوں کا یہ بے باک انداز کچھ پسند نہ آیا خاص طور پر جب بیوٹیشنز نے دوپٹہ اوڑھتے ہوئے پلو تھوڑا پیچھے سرکا دیا۔
اسی دوران کئی عرب ممالک کی دلہنوں نے ”برائیڈل فینسی حجاب“ اوڑھنا شروع کر دیا جسے ہر خاص و عام نے پسندیدگی کی نگاہ سے دیکھا بھی اور سراہا بھی۔اب کئی مسلم ممالک سمیت پاکستانی دلہنیں بھی حجاب اوڑھے نظر آتی ہیں۔برائیڈل حجاب نے مختصر عرصے میں نئی نویلی اور پردہ کرنے والی دلہنوں میں مقبولیت حاصل کر لی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ہمارے ہاں بھی جہاں دوپٹے کے بغیر دلہنیں نظر آ رہی ہیں وہیں کئی گھرانوں کی بچیاں برائیڈل حجاب میں بھی نظر آتی ہیں۔
آج کے اس آرٹیکل میں ہم آپ کو برائیڈل حجاب کے کچھ اسٹائلز کے بارے میں بتائیں گے۔آپ بھی اگر حجاب اوڑھتی ہیں اور دلہن بننے جا رہی ہیں تو دیکھیں ان میں سے کون سا اسٹائل آپ کے چہرے اور پسند کے مطابق ہے تو پھر آپ بھی ایک بار ٹرائی ضرور کریں۔
فٹڈ حجاب:۔
یہ فینسی حجاب اس انداز سے دلہن کے سر پر اوڑھایا جاتا ہے کہ دلہن کی مانگ اور ٹیکا تھوڑا تھوڑا نظر بھی آئے اور دلہن خوبصورت بھی لگے۔
یہ حجاب چہرے پر اس انداز سے سیٹ کیا جاتا ہے کہ دلہن کے سر پر پوری طرح فٹ ہو،دلہن کے گہنے بھی صاف دکھائی دیتے رہیں اور دلہن با حجاب بھی نظر آتی ہے۔
بارڈر حجاب:۔
خوبصورتی میں سادگی کا اپنا ایک حسن ہے۔فینسی سفید بارڈر حجاب اوڑھے دلہن بہت خوبصورت نظر آتی ہے اور اس کا کوئی بھی گہنا پردے کی اوٹ میں چھپا نہیں رہتا بلکہ جھلک دکھاتا ہی رہتا ہے۔

دوپٹہ حجاب:۔
فینسی وائٹ اور شیفون دوپٹے کے اندر سادہ ریشمی اور سفید کپڑے کا حجاب اوڑھے دلہن ایک دم اسٹائلش دکھائی دیتی ہے۔دلہن کے گہنے اگرچہ نظر نہیں آرہے ہوتے لیکن دلہن کی ہیڈ چین جیولری کی کمی پوری کر دیتی ہے۔
لیئرڈ حجاب:۔
ڈبل لیئرڈ حجاب کے خوبصورت فینسی بارڈر دلہن کی خوبصورتی کو چار چاند لگا دیتے ہیں۔
یہ پہلی نظر میں دیکھنے والے پر بہت اچھا تاثر چھوڑتا ہے۔ایسی دلہن کو دیکھ کر بے ساختہ منہ سے نکلتا ہے کہ دلہن دلکش اور خوبصورت دکھائی دے رہی ہے۔
ویڈنگ بیلز:۔
خوبصورت بیلز سے آراستہ حجاب کے ساتھ دلہن کی مانگ کا ٹیکا واضح دکھائی دیتا ہے۔دلہن جب چلتی ہے تو ہر بیل مدھر سی آواز بھی پیدا کرتی ہے۔حجاب کا یہ خوبصورت بارڈر آج کل حجاب لینے والی دلہنوں کی اولین پسند ہے۔

کرسٹل پیٹرن نیوی بلیو حجاب:۔
کرسٹل پیٹرن نیوی بلیو حجاب اگرچہ دکھائی دینے میں بہت سادہ ہے۔لیکن ماتھا پٹی یعنی سلور ہیڈ چین کی خوبصورتی سادگی پر غالب ہوتی ہے کیونکہ جگمگاتی ہیڈ چین اس کو مزید نازک اور خوبصورت نیوی بیلو کے بجائے گولڈ ہیڈ چین اور ریڈ حجاب کے ساتھ بھی یہی انداز اپنا سکتی ہیں۔
حجاب سے گھونگھٹ:۔

آج کے دور میں اگرچہ دلہن گھونگھٹ نہیں نکالتیں لیکن جب ایک دلہن حجاب کے انداز سے گھونگھٹ اوڑھتی ہے تو خوبصورتی کو چار چاند لگ جاتے ہیں۔ویسے بھی یہ حجاب دلہن کے گہنوں اور تیاری کو بالکل بھی متاثر کرتا اور دلہن کا ایک ایک گہنا سب کی نظر میں ہوتا ہے۔
ٹربن اسٹائل حجاب:۔
سفید لیس،باریک جالی اور خوبصورت موتیوں سے تیار کیا گیا دلہن کا لباس اور حجاب دلہن کی خوبصورتی میں بہت زیادہ اضافہ کر دیتا ہے۔
جو دلہن کو نمایاں کرنے میں معاون بھی ہے۔غیر ملکی دلہنوں کی اکثریت اس سادہ اور خوبصورت ٹربن اسٹائل حجاب کی دیوانی ہیں۔
میچنگ حجاب:۔
دلہن کے اگرچہ بھاری بھرکم لہنگے اور دوپٹے کی خوبصورتی دلہن پر حاوی ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود دلہن کے دوپٹے کے اندر اوڑھا ہوا میچنگ حجاب دلہن کی خوبصورتی کو کئی گنا بڑھا دیتا ہے۔یہ حجاب ایسی دلہنوں کیلئے موزوں ہے جو زیادہ سے زیادہ اپنے آپ کو ڈھانپے رکھنا پسند کرتی ہیں۔حجاب اب اکثر غیر ملکی دلہنوں کی اولین پسند بن گیا ہے کیونکہ اس میں دلہنیں غیر معمولی طور پر خوبصورت دکھائی دینے کے ساتھ ساتھ ڈھکی چھپی بھی نظر آتی ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Bridal Hijab" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.