Fashion Ke Rang Diamond Ke Sang - Article No. 3280

Fashion Ke Rang Diamond Ke Sang

فیشن کے رنگ ڈائمنڈ کے سنگ - تحریر نمبر 3280

ڈائمنڈ کے زیورات سلیبریٹی خواتین میں بڑے مقبول ہیں

پیر 10 جون 2024

راحیلہ مغل
گزرتے وقت کا ہر دن خواتین میں فیشن کے نت نئے رجحانات لے کر نمودار ہوتا ہے اور ڈائمنڈ جیولری کی بڑھتی مقبولیت اکیسویں صدی کے انہی رجحانات میں سے ایک ہے۔اس نایا ب پتھر کو عربی و فارسی میں الماس، سنسکرت میں بیرک، انگریزی میں ڈائمنڈ اور اردو میں ہیرا کہتے ہیں۔اسے خوش بختی کی علامت اور بیماریوں کو ٹھیک کرنے کے لئے طاقتور پتھر مانا جاتا ہے۔

خواتین میں ڈائمنڈ پہننے کا رواج کوئی نیا نہیں یہ صدیوں سے امراء میں پہنا جانے والا خاص زیور ہے۔تاہم کچھ عرصے سے ڈائمنڈ پہننے کا رواج ہر خاص و عام میں مقبول ہوتا جا رہا ہے۔ڈیزائنر کی جانب سے گولڈ، پلاٹینیم کے ساتھ ساتھ ڈائمنڈ جیولری کے بھی اتنے خوب صورت اور منفرد ڈیزائن متعارف کرائے جا رہے ہیں کہ ان پر نظر ٹھہر سی جاتی ہے اور عام خواتین بھی اسے خریدے بغیر نہیں رہ پاتیں، اور کیوں نہ خریدیں، آخر انہیں بنایا ہی ان کے لئے جاتا ہے۔

(جاری ہے)


ریمپ پر واک ہو، آسکرز ایوارڈ ہو یا عام دنوں میں پہنی جانے والی ہلکی پھلکی جیولری ہالی ووڈ اور بالی ووڈ اداکارائیں ڈائمنڈ کا انتخاب لازمی کرتی ہیں۔ڈائمنڈ پر بنے زیورات سلیبریٹی خواتین میں بڑے مقبول ہیں۔یہی نہیں ہالی ووڈ اداکارائیں منگنی کی انگوٹھی کے لئے بھی ہیرے کی انگوٹھی کا انتخاب کرتی نظر آتی ہیں۔بھاری زیورات کے علاوہ ڈائمنڈ کی نفیس اور قیمتی جیولری کا استعمال بھی ایک مخصوص طبقے میں زیادہ کیا جانے لگا ہے جن میں ہیرے کی انگوٹھیاں خواتین کا خاص انتخاب ہوتی ہیں۔
چمکتے دمکتے ملبوسات کے علاوہ ڈائمنڈ جیولری نہ صرف ہالی ووڈ، بالی ووڈ حسیناوٴں بلکہ عام خواتین کی خوبصورتی میں اضافے کا بھی باعث بنتی ہے تو بالآخر ہیروں کی آب و تاب کسے پسند نہیں ہو گی۔
نوعمر لڑکیاں بھی ایئر رنگز کے لئے ڈائمنڈز کا انتخاب کرنے لگی ہیں۔چونکہ یورپ کی خواتین ڈائمنڈ کی ہلکی پھلکی جیولری کو ترجیح دیتی ہیں اس لئے وہاں جیولری کے طور پر قیمتی پتھر کی انگوٹھی یا گلے میں وائٹ گولڈ کی ایک نفیس اور خوبصورت سی چین کا استعمال بھی کافی سمجھتی ہیں۔
یہی نہیں خواتین زیورات کی بڑھتی مقبولیت سے متاثر ہو کر ان کے زیورات کی نقل کر کے پہننے لگی ہیں جو اصلی زیور سے بہت کم داموں میں مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔
ڈائمنڈ صدیوں سے دنیا کی سب سے قیمتی اور نایاب شے مانا جاتا ہے، یہی وجہ ہے کہ ڈائمنڈ ماضی میں بھی دنیا کی حسین ترین عورتوں، ملکاوٴں اور شہزادیوں کے زیورات، بادشاہوں کے لباس اور تاج کی زینت بنتا اور شاہی پتھر کے نام سے مقبول ہوا۔ہیرے کا شفاف بلوری رنگ روشنی میں قوس و قزح کے رنگ دیتا ہے۔بادشاہوں، راجاوٴں اور حاکموں کے دور میں کوہِ نور کو دنیا کا مشہور ترین، قیمتی اور اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہیرا تسلیم کیا جاتا ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Fashion Ke Rang Diamond Ke Sang" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.