Crown Braid Hair Style - Article No. 2528

Crown Braid Hair Style

کراؤن بریڈ ہیئر اسٹائل - تحریر نمبر 2528

خوبصورتی بڑھانے اور شاہی انداز دینے کے لئے ماضی میں کراؤن(تاج) کا استعمال خواتین میں خاصا مقبول رہا

پیر 15 فروری 2021

راحیلہ مغل
تہوار کا موقع ہو،شادی بیاہ کی تقریبات یا پھر کہیں پارٹی میں جانا ہو تو کپڑوں کے ساتھ ساتھ ہیئر اسٹائل بنانے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ ہیئر اسٹائل ایسیسریز کے حوالے سے بات کی جائے تو بالوں کی خوبصورتی بڑھانے اور شاہی انداز دینے کے لئے ماضی میں کراؤن (تاج) کا استعمال خواتین میں خاصا مقبول رہا۔سر پر تاج لگا کر جہاں بالوں کی خوبصورتی بڑھائی جاتی تھی،وہیں اس اسٹائل کو اپنا کر خواتین خود کو ملکہ کی طرح محسوس کرتی تھیں۔
اگرچہ اب کراؤن پہننا”اولڈ فیشن“تسلیم کیا جاتا ہے،تاہم کچھ ہیئر اسٹائل کی بدولت آج بھی آپ ملکہ جیسا تاثر با آسانی دے سکتی ہیں۔وہ ہیئر اسٹائل کون سے ہیں اور انھیں کس طرح بنایا جا سکتا ہے،آئیے اس آرٹیکل میں آپ کو بتاتے ہیں۔

(جاری ہے)


کراؤن بریڈ کیسے بنائی جائے؟
کراؤن بریڈ عام طور ایک یا دو چوٹیوں پر مشتمل ہوتی ہے،یہ عام سی چوٹیاں سر پر فریم کی مانند تاج کی صورت لپیٹی جاتی ہیں۔

کراؤن بریڈ بنانے کیلئے یہ فیصلہ کرنا ضروری ہے کہ آیا آپ فش ٹیل کراؤن بریڈ بنانا چاہتی ہیں یا ڈچ بریڈ یا پھر کچھ مختلف۔لیکن سب سے پہلے ان اسٹائل کے بارے میں معلوم ہونا اور بنانے کا طریقہ آنا چاہیے۔سب سے پہلے بالوں کو اچھی طرح سے کنگھا کر لیں۔سیدھی یا آڑی،جیسی بھی مانگ آپ کے چہرے پر جچے بالوں کو اسی سمت برابر حصوں میں تقسیم کر لیں۔
کراؤن بریڈ بنانے کے لئے آپ کو دونوں طرف الگ الگ چوٹی بنانا ہوگی۔اگر آپ دو چوٹیاں پسند نہیں کرتیں تو ایک چوٹی کے ساتھ بھی کراؤن بریڈ بنائی جا سکتی ہے۔عام طور پر کراؤن بریڈ سر پر سامنے کی طرف سے بنانا شروع کی جاتی ہے،لیکن اگر آپ پچھلے رُخ سے کراؤن بریڈ بنانا چاہتی ہیں تو بالوں کو دو حصوں میں علیحدہ علیحدہ کر لیں۔پھر علیحدہ کیے گئے بالوں میں پیچھے کی جانب سے بل ڈال کر چوٹی باندھنا شروع کریں۔
اس بات کا خیال رکھیں کہ چوٹی نہ بہت ڈھیلی ہو اور نہ بہت ٹائٹ۔اگر آپ چاہیں تو ہیئر اسٹائل کو خوبصورت بنانے کے لئے آگے سے کچھ بال کھلے چھوڑ سکتی ہیں ۔ایک ایک سائیڈ لیتے ہوئے بالوں کی چوٹی آخری سرے تک بنائیں اور سرے پر بالوں کے رنگ کا ربڑ بینڈ باندھ دیں۔اگر آپ بالوں کو علیحدہ کیے بغیر چوٹی بنا رہی ہیں تو اسے بالوں کے آخری حصے تک بنائیں۔
چوٹی بنانے کے بعد باری آتی ہے ان چوٹیوں کو سر پر تاج کی صورت لپیٹنے کی۔چوٹی کے بل انگلیوں کی مدد سے کچھ ڈھیلے کریں اور اسے سر پر تاج کی طرح رکھ کر بابی پن(کلر وہ لیں جو آپ کے بالوں سے ہم رنگ ہو)کی مدد سے سیٹ کر لیں۔کراؤن کی پوزیشن آپ پر منحصر ہے،لیکن اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ بالوں میں نہ بہت پیچھے ہو اور نہ ہی آگے۔کراؤن بریڈ کے مختلف اور منفرد اسٹائل پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

فش ٹیل ملک میڈ بریڈ
ہمیشہ بالوں کے پچھلے رُخ سے شروع کی جاتی ہے۔بالوں کی بریڈ بنانے کے بعد دیے گئے بل کو دونوں جانب ہاتھ سے ڈھیلا کیا جاتا ہے، جس سے یہ بریڈ عام چوٹی سے مختلف اور منفرد ملک میڈ لُک دیتی ہے۔فش ٹیل ملک میڈ بریڈ بنانے کے بعد اسے کراؤن کی صورت دیجیے، یہ اسٹائل مشرقی اور مغربی دونوں طرز کے لباسوں کے لئے بہترین ثابت ہو گا۔
اسکارف کراؤن بریڈ بنانے کے لئے اسکارف کا استعمال ان دنوں ٹرینڈ کا حصہ ہے۔آپ بھی کراؤن بریڈ میں اسکارف کا اضافہ کرکے ہیئراسٹائل کو خوبصورت لُک دے سکتی ہیں۔اسکارف کے ہمراہ کراؤن بریڈ بنانے کے لئے ایک سائیڈ سے تھوڑے سے بال اٹھائیں اور بقیہ بالوں کو کلپ لگا لیں۔بالوں کے درمیانی حصے میں اسکارف لپیٹ لیں،اب اسکارف اور بالوں کا ایک ایک حصہ اٹھاتے ہوئے چوٹی باندھنا شروع کریں۔
چوٹی باندھنے کے بعد اسے ہاف اَپ ڈو لُک کے ساتھ بالوں میں کراؤن کی صورت لپیٹ دیں،یہ اسٹائل منفرد بھی ہے اور خوبصورت بھی۔
پرنسز کراؤن بریڈ
ٹین ایج لڑکیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ ہر تقریب میں کسی شہزادی کی طرح خوبصورت نظر آئیں۔ان کیلئے پرنسز کراؤن بریڈ ایک پرفیکٹ ہیئر اسٹائل ثابت ہو گا۔اس ہیئر اسٹائل کو بنانے کیلئے بالوں کو تین حصوں میں تقسیم کر لیں،سامنے کی طرف سے کم بالوں پر مشتمل دو حصے جبکہ پیچھے کی جانب سے حصہ تھوڑا بڑا رکھیں۔
اس کے بعد ایک سائیڈ سے ڈچ بریڈ بنانا شروع کریں،یہ بریڈ سر کے درمیان میں ایک حصے سے شروع کرکے دوسرے حصے تک بنائی جائے۔پیچھے کے بالوں کو پونی ٹیل کی شکل دیں اور پھر اس پونی ٹیل کو چار حصوں میں تقسیم کر لیں۔اب چاروں حصوں کو ٹوئسٹ کرتے ہوئے خوبصورت انداز میں ڈونٹ بن کی صورت باندھ لیں، ضرورت محسوس ہو تو آخر میں بالوں میں ہیئر اسپرے بھی کر لیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Crown Braid Hair Style" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.